Loading
منشیات ڈیلر انمول پنکی اور سہولت کاروں کی بینک تفصیلات سامنے آ گئیں۔
سٹی کورٹ ، جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں کوکین کوئین انمول عرف پنکی اور اس کے مبینہ سہولت کاروں کے خلاف منشیات کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پولیس نے عدالت میں ملزمہ کے اہم سہولت کاروں کے بینک اور ڈیجیٹل مالیاتی اکاؤنٹس سے متعلق تفصیلات جمع کرا دی ہیں۔
پولیس رپورٹ کے مطابق کراچی سمیت مختلف شہروں میں منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقوم مختلف بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل مالیاتی ذرائع کے ذریعے منتقل کی جاتی رہی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزمہ انمول عرف پنکی کے مبینہ سہولت کار ذیشان الرحمان اور سہیل الرحمان کے زیر استعمال متعدد بینک اور ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے رقم کی لین دین کی جاتی تھی۔
عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق ذیشان الرحمان کے مختلف بینکوں میں متعدد اکاؤنٹس موجود ہیں، جبکہ سہیل الرحمان کے بھی مختلف مالیاتی اداروں میں اکاؤنٹس ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ پولیس کا مؤقف ہے کہ ان اکاؤنٹس کے ذریعے منشیات سے متعلق رقوم کی منتقلی کی جاتی رہی۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انمول عرف پنکی شہر بھر میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات فروخت کرتی ہے اور اس سے حاصل ہونے والی رقم مذکورہ اکاؤنٹس کے ذریعے منتقل کی جاتی تھی۔ پولیس کے مطابق متعلقہ اکاؤنٹس ذیشان اور سہیل الرحمان آپریٹ کرتے تھے اور ان میں رقوم بھیجنے والوں کی تفصیلات بھی موجود ہیں۔
پولیس نے مالیاتی لین دین سے متعلق ریکارڈ جس میں بینکوں کے نام اور اکاؤنٹس نمبرز بھی شامل ہیں، عدالت میں جمع کرا دیا ہے اور مقدمے کی مزید کارروائی جاری ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل