Wednesday, June 03, 2026
 

شیخوپورہ میں خاتون اور 14 سالہ بیٹی پر تیزاب پھینک دیا گیا

 



شیخوپورہ میں خاتون اور 14 سالہ بیٹی پر تیزاب پھینکنے کے افسوسناک واقعہ پر حنا پرویز بٹ نے نوٹس لے لیا۔ چیئرپرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے ڈی پی او شیخوپورہ سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم وقاص کو گرفتار کر لیا۔ واقعہ تھانہ کوٹ عبدالمالک کی حدود میں پیش آیا، جہاں ملزم نے اپنی سابقہ اہلیہ اور 14 سالہ بیٹی پر تیزاب پھینکا۔ تیزاب گرنے سے خاتون کا بازو اور جسم کے دیگر حصے جھلس گئے جبکہ کم سن بیٹی کا بازو بھی متاثر ہوا۔ حنا پرویز بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق متاثرہ خاتون اور بچی کو ہر ممکن انصاف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسڈ حملہ سنگین جرم ہے اور اب کوئی ملزم قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسڈ کنٹرول بل 2025 کے تحت ایسے حملوں کے ملزمان کو سخت سزا دی جائے گی، جس میں کم از کم 14 سال قید اور پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ شامل ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق ایسڈ حملہ ناقابلِ ضمانت اور ناقابلِ راضی نامہ جرم ہے، اور ملزم اب ضمانت یا راضی نامے کے پیچھے نہیں چھپ سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسڈ کی خرید و فروخت کو قانون کے دائرے میں لایا جا چکا ہے، اور اس کے لیے لائسنس، شناختی کارڈ اور مکمل ریکارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ متاثرہ خاتون اور بچی کو قانونی، طبی اور نفسیاتی معاونت فراہم کی جائے گی۔ حنا پرویز بٹ نے کہا کہ خواتین اور بچیوں پر تشدد کرنے والے عبرتناک سزا کے مستحق ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا واضح پیغام ہے کہ خواتین پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے محفوظ پنجاب صرف نعرہ نہیں بلکہ حکومت کا عملی مشن ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل