Loading
نیوزی لینڈ کے فٹبالر ٹم پین نے بدھ کو اس ارجنٹائنی سوشل میڈیا انفلوئنسر سے پہلی بار ملاقات کی جس کی ایک ویڈیو نے انہیں چند ہی دنوں میں عالمی سطح پر غیرمعمولی شہرت دلا دی۔
ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے معروف سوشل میڈیا کریئیٹر ویلن اسکارسینی، جو "ایل اسکارسو" کے نام سے جانے جاتے ہیں، نے گزشتہ ہفتے اپنے مداحوں سے اپیل کی تھی کہ وہ فیفا ورلڈ کپ میں شریک نیوزی لینڈ کے نسبتاً کم معروف کھلاڑی ٹم پین کو فالو کریں۔
اس اپیل کے بعد سوشل میڈیا پر دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی اور ٹم پین کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد صرف چند روز میں 4 ہزار سے بڑھ کر 49 لاکھ تک جا پہنچی۔
فلوریڈا میں نیوزی لینڈ کے تربیتی کیمپ کے دوران دونوں شخصیات کی پہلی ملاقات ہوئی جہاں ٹم پین نے اسکارسینی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں قومی ٹیم کی جرسی بھی پیش کی۔
اس موقع پر ٹم پین کا کہنا تھا کہ اس غیر متوقع مقبولیت سے نہ صرف انہیں بلکہ نیوزی لینڈ فٹبال کو بھی فائدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ٹیم اور ملک کی فٹبال کو عالمی سطح پر توجہ ملی، تاہم وہ اپنی شخصیت اور کھیل کے انداز میں کوئی تبدیلی نہیں لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں اب بھی وہی شخص ہوں، میری پوری توجہ اپنے ملک کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے پر ہے جبکہ ویلن اسکارسینی نے مزاحیہ انداز میں ٹم پین کو ارجنٹائن آنے کی دعوت بھی دی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل