Loading
خیبرپختونخوا حکومت نے صوبائی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی شرح 2 فیصد سے کم کرکے 0.75 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نئے مالی سال کے بجٹ میں شرح کو کم کیا جائے گا۔
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کی زیر صدارت آئندہ مالی سال 2026-27 کے صوبائی بجٹ کے حوالے سے بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا پری بجٹ مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، صنعت و تجارت، ایکسائز، KPRA، BOIT، FPCCI، وقاص پراچہ، مختلف چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کوہاٹ چیمبر کے صدر رشید پراچہ اور کوآرڈینیٹر کرنل (ر) جواد پراچہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر مشیر خزانہ مزمل اسلم نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ نئے صوبائی بجٹ میں کسی قسم کے نئے ٹیکس عائد نہیں کیے جا رہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ صوبائی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی شرح 2 فیصد سے کم کرکے 0.75 فیصد کی جا رہی ہے، جبکہ صنعتی یونٹس کو سبسڈائز قرضوں کی فراہمی کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
شرکاء نے کاروباری برادری کو درپیش مسائل، صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ، ٹیکس اصلاحات، کاروباری سہولیات، مقامی صنعتوں کے تحفظ، برآمدات میں اضافے، ایس ایم ایز کی معاونت اور کاروبار دوست پالیسیوں کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔
مشیر خزانہ نے یقین دہانی کرائی کہ کاروباری برادری کے مطالبات اور تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے صنعتی و تجارتی شعبے کے فروغ کے لیے ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
شرکاء نے امید ظاہر کی کہ بجٹ میں کاروبار اور صنعت دوست اقدامات سے صوبے میں معاشی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل