Friday, June 05, 2026
 

جامعہ کراچی: ریڈ سندھی کیٹل کی جینوم سیکوئنسنگ کامیابی کیساتھ مکمل

 



جامعہ کراچی کے ڈاکٹر اے کیو خان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ (کبجی) نے ملک کی قیمتی مقامی مویشی نسل ’ریڈ سندھی کیٹل‘ کی مکمل جینوم سیکوینسنگ کامیابی سے مکمل کرلی۔ اس کامیابی کو انفیکشن کنٹرول، بیماریوں سے تحفظ اور لائیو اسٹاک کی پیداواری صلاحیت میں اضافے کی جانب ایک اہم سائنسی پیشرفت قرار دیا جارہا ہے۔ یہ منصوبہ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلوشپ پروگرام فیز-I کے تحت مکمل کیا گیا۔ تحقیق پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلو ڈاکٹر روحی کنول نے پروفیسر ڈاکٹر صائمہ سلیم کی نگرانی میں انجام دی جبکہ ڈاکٹر نظیر حسین کلہوڑو نے بھی تحقیقی منصوبے میں اشتراک کیا۔ تحقیق کے دوران لمپی اسکن ڈیزیز وائرس سے متاثرہ جانوروں کے وائرس کی مکمل جینومک خصوصیات کا بھی تجزیہ کیا گیا، جس سے وائرس اور میزبان جانور کے درمیان حیاتیاتی تعاملات کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملی۔ ماہرین کے مطابق یہ اپنی نوعیت کی پہلی کامیاب کوشش ہے جس کے ذریعے ریڈ سندھی مویشیوں کا مکمل جینیاتی خاکہ مرتب کیا گیا۔ تحقیق میں نیکسٹ جنریشن سیکوینسنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے دودھ کی پیداوار، گرمی برداشت کرنے کی صلاحیت اور قوتِ مدافعت سے متعلق اہم جینز کی نشاندہی کی گئی، جو جدید افزائش نسل، بیماریوں کے خلاف مزاحمت اور گوشت و دودھ کی پیداوار بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر خالد محمود عراقی نے اس اہم منصوبے کے لیے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی معاونت کو سراہتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر صائمہ سلیم اور ان کی تحقیقی ٹیم کو اس نمایاں سائنسی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل