Friday, June 05, 2026
 

پیٹرول کی قیمت جتنی پہلے تھی اس سے بھی کم ہوجائیں گی؛ ٹرمپ نے خوش خبری سنادی

 



امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں جلد ہی بڑی اور نمایاں کمی آئے گی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی اور جہاز رانی سے متعلق بحران کو جلد حل کر لیا جائے گا جس کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی آنے کا امکان ہے۔ اں خیالات کا اظہار انھوں نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر ٹرمپ کے بقول صورتحال کو معمول پر لانے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا اس مسئلے کے حل کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسی نہ کسی طریقے سے یہ معاملہ حل ہو جائے گا اور جب صورتحال مکمل طور پر درست ہو جائے گی تو آپ دیکھیں گے کہ تیل کی قیمتیں کم ہو کر شاید اس سطح سے بھی نیچے آ جائیں گی جہاں وہ پہلے تھیں۔ خیال رہے کہ امریکا میں ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے صدر ٹرمپ اور ان کی ریپبلکن پارٹی پر سیاسی دباؤ میں اضافہ کر دیا ہے اور آئندہ وسط مدتی انتخابات سے قبل پیٹرول اور ڈیزل کی بلند قیمتیں عوامی اور سیاسی حلقوں میں ایک اہم مسئلہ بن چکی ہیں۔ علاوہ ازیں جب صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ اب تک کتنے آئل ٹینکرز کو بحفاظت آبنائے ہرمز سے گزارنے میں کامیاب ہوئی ہے تو انھوں نے جواب دیا کہ بہت زیادہ لیکن میں اس کی درست تعداد ابھی نہیں بتانا چاہتا۔ قبل ازیں ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے عسکری مشیر محسن رضائی نے خبردار کیا تھا کہ اگر ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی دوبارہ شدت اختیار کرتی ہے تو اس کے اثرات صرف خلیج فارس تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورا خطہ اس کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ممکنہ جنگ کی صورت میں تنازع بحرِ ہند، بحیرہ احمر، آبنائے باب المندب اور بحیرہ روم تک پھیل سکتا ہے جس سے عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل شدید متاثر ہو سکتی ہے۔ خیال رہے کہ یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ نے حالیہ مہینوں میں بحیرہ احمر اور باب المندب کے راستوں پر نسبتاً تحمل کا مظاہرہ کیا ہے اور بین الاقوامی جہاز رانی کو نشانہ بنانے سے گریز کیا ہے۔ اگر حوثی باب المندب کو بند کردیں جب کہ آبنائے ہرمز پہلے ہی بند ہے تو عالمی منڈیوں میں تیل اور گیس کی فراہمی کو بڑا دھچکا پہنچ سکتا ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل