Friday, June 05, 2026
 

کراچی کے تھانے میں اہلکار کی پیٹی بھائی سے مبینہ بھتہ خوری، ویڈیو میں اہم انکشافات

 



کراچی کے ضلع وسطی کے تھانے حیدری میں تعینات پولیس اہلکار اصغر نے منشی کانسٹیبل جاوید احمد پر بھتہ خوری کے سنگین الزامات عائد کردیے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس اہلکار اصغر کا ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، جس میں اہلکار نے حیدری تھانے کے منشی کانسٹیبل جاوید پر مبینہ طور پر نفری کو بلیک میل کر کے بھتہ وصول کرنے سمیت دیگر الزامات کے بوچھاڑ کر دی۔ کانسٹیبل اصغر کا کہنا تھا کہ حیدری تھانے میں منشی جاوید گزشتہ 10/12 تعینات ہے جو نفری کو بلاجواز ہراساں کرتا ہے اور اس حوالے سے انھوں نے پولیس کے اعلیٰ افسران سمیت ڈی ایس پی نارتھ ناظم آباد اور ایس ایچ او حیدری کو بھی بذریعہ کوریئر درخواستیں ارسال کی ہیں اور پیشی پر وہ سب حقائق افسران کو بتائے گا۔ حیدری تھانے کے پولیس اہلکار کا ویڈیو بیان کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر عمران خان نے فوری طور پر مذکورہ معاملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری ایس ڈی پی او نارتھ ناظم آباد کے سپرد کر دی۔ ایس ڈی پی او نارتھ ناظم آباد ویڈیو بیان کے حوالے سے تمام حقائق اور الزامات کا تفصیلی جائزہ لیکر اپنی رپورٹ مرتب کر کے ارسال کرینگے۔ ابتدائی ریکارڈ کے مطابق کانسٹیبل اصغر 25 مئی 2026 کو بیماری کی بنیاد پر روزنامچہ میں انٹری درج کرانے کے بعد روانہ ہوا تھا جبکہ اس سے قبل اس حوالے سے کوئی تحریری درخواست یا شکایت متعلقہ افسران کو موصول نہیں ہوئی تھی۔ ریکارڈ کے مطابق کانسٹیبل اصغر اس سے قبل بھی 12 مئی سے 14 مئی 2026 گاؤں روانگی کی درخواست پر ایس ڈی پی او نارتھ ناظم آباد سے باقاعدہ چھٹی حاصل کر کے گیا تھا جبکہ 2 جون 2026 کو واپسی پر کانسٹیبل اصغر کو انتظامی ضرورت کے تحت عارضی ڈیوٹی کے لیے  ڈسٹرکٹ سینٹرل کی کیو آر ایف میں تعینات کیا گیا۔ تاہم مذکورہ کانسٹیبل نے اس ڈیوٹی پر جانے سے انکار کیا اور ویڈیو ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر عمران خان کا کہنا ہے کہ پولیس ہر قسم کے الزامات اور شکایات کی شفاف تحقیقات پر یقین رکھتی ہے ، جاری انکوائری میں سامنے آنے والے حقائق اور شواہد کی روشنی میں قانون اور محکمانہ قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل