Friday, June 05, 2026
 

دہشت گردی اور انتہاپسندی سماجی ہم آہنگی، اقتصادی ترقی کومتاثر کرتی ہے، فیصل کریم کنڈی

 



خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے دہشت گردی، دہشت گردی کی مالی معاونت اورانتہاپسندی کے خلاف کوششیں مضبوط کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی صرف سیکیورٹی کا مسئلہ نہیں بلکہ سماجی ہم آہنگی اور اقتصادی ترقی کو بھی متاثر کرتی ہے۔ اے پی پی کے مطابق اسلام آباد میں سسٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی او) کے ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر فیصل کریم کنڈی نے دہشت گردی، دہشت گردی کی مالی معاونت اور پرتشدد انتہاپسندی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی محض سیکیورٹی کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ سماجی ہم آہنگی، اقتصادی ترقی اور ریاستی اداروں پر عوامی اعتماد کو بھی متاثر کرتی ہے، ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں کافی نہیں بلکہ مؤثر پالیسی سازی، مضبوط اداروں اور کمیونٹی کی فعال شمولیت بھی ناگزیر ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے پارلیمنٹیرینز اور دیگر اہم شراکت داروں کے ساتھ ایس ایس ڈی او کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنظیم آگاہی بڑھانے، پالیسی مکالمے کو فروغ دینے اور شواہد پر مبنی فیصلہ سازی کے ذریعے اداروں اور قیادت کو بدلتے ہوئے سکیورٹی خطرات سے نمٹنے میں مدد فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے پائیدار امن کے قیام کے لیے وفاقی، صوبائی اور مقامی سطح کے اداروں کے درمیان مؤثر رابطے، معلومات کے تبادلے اور مشترکہ اقدامات پر مبنی ’پورے حکومتی نظام‘ کے نکتہ نظر کی ضرورت پر زور دیا اور سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں، مذہبی رہنماؤں، میڈیا، نوجوانوں، خواتین اور مقامی برادریوں کی شمولیت پر مبنی ’پورے معاشرے‘ کے نکتہ نظر کو بھی ناگزیر قرار دیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ انتہاپسندانہ بیانیے کا مقابلہ کرنے اور محفوظ و خوش حال مستقبل کی تعمیر کے لیے اجتماعی کاوشیں اور مسلسل تعاون ضروری ہیں، مشترکہ اقدامات، مکالمے اور تعاون کے ذریعے مضبوط معاشرے تشکیل دیے جا سکتے ہیں اور آنے والی نسلوں کو انتہاپسندانہ نظریات سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل