Loading
پاکستانی اداکارہ زویا ناصر نے شوبز انڈسٹری میں فنکاروں کے نشے کی حالت میں شوٹنگ پر آنے سے متعلق اداکار و گلوکار محسن عباس حیدر کے حالیہ دعووں پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اپنے پورے کیریئر میں ایسا کوئی تجربہ نہیں ہوا۔
معروف مصنف ناصر ادیب کی صاحبزادی زویا ناصر نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے فنی سفر، فٹنس روٹین اور شوبز انڈسٹری کے ماحول پر گفتگو کی۔ اسی دوران ان سے محسن عباس حیدر کے ان بیانات پر سوال کیا گیا جن میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے متعدد فنکاروں کو منشیات یا الکوحل کے زیر اثر شوٹنگ کے لیے آتے دیکھا ہے۔
محسن عباس حیدر نے ایک پروگرام میں بتایا تھا کہ بعض مواقع پر فنکار اس قدر نشے میں ہوتے تھے کہ وہ اپنے تاثرات تک درست انداز میں برقرار نہیں رکھ پاتے تھے۔ ان کے مطابق انہوں نے اس حوالے سے پروڈیوسرز کو بھی آگاہ کیا تھا، جس کے بعد معاملے کی تحقیقات کی گئی تھیں۔
تاہم زویا ناصر نے اس بیان سے اتفاق نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ محسن عباس حیدر کا ذاتی مشاہدہ ہو سکتا ہے، لیکن انہیں اپنے کام کے دوران کبھی ایسا منظر دیکھنے کو نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے تجربے کے مطابق شوٹنگ سیٹس پر پیشہ ورانہ ماحول پایا جاتا ہے اور اکثر فنکار اپنے کام کے حوالے سے سنجیدہ رویہ اختیار کرتے ہیں۔
زویا ناصر کے مطابق انہوں نے تو سیٹ پر لوگوں کو نماز ادا کرتے اور کام کے دوران مذہبی فرائض کا اہتمام کرتے دیکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی فنکار دیر سے پہنچتا بھی ہے تو اس کی بڑی وجہ طویل شوٹنگ یا مصروف شیڈول ہوتا ہے، نہ کہ نشہ یا کوئی اور مسئلہ۔
View this post on Instagram
اداکارہ نے مزید کہا کہ انہیں اپنے تمام ڈراموں اور پراجیکٹس میں خوشگوار ماحول ملا اور انہوں نے کبھی کسی ساتھی اداکار یا اداکارہ کو نشے کی حالت میں کام کرتے نہیں دیکھا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل