Sunday, June 21, 2026
 

اب ٹوائلٹ خود چل کر آپ کے پاس آئے گا، چین کی حیران کن ایجاد

 



چین نے ایک ایسا جدید روبوٹک ٹوائلٹ متعارف کرا دیا ہے جو ضرورت پڑنے پر خود چل کر صارف کے پاس پہنچ جاتا ہے، جسے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی دنیا میں ایک منفرد پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ شنگھائی میں منعقد ہونے والی بزرگوں کی نگہداشت، معاون آلات اور بحالی طب کی نمائش میں چینی ٹیکنالوجی کمپنی یوئیبان نے ’شیاوبان‘ نامی اسمارٹ ٹوائلٹ پیش کیا (جو خصوصی طور پر معذور افراد) محدود جسمانی صلاحیت رکھنے والوں اور چلنے پھرنے میں دشواری کا سامنا کرنے والے افراد کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ اے آئی سے چلنے والا خودکار روبوٹ جدید 3 ڈی آبسٹیکل اووائیڈنس سسٹم اور لائیڈار (LiDAR) ٹیکنالوجی کی مدد سے گھر کے اندر راستہ تلاش کرتے ہوئے براہِ راست صارف تک پہنچ سکتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ استعمال کے بعد یہ روبوٹ خود ہی واپس اپنے ڈاکنگ اسٹیشن پر چلا جاتا ہے، جہاں اس میں موجود فضلہ خودکار نظام کے ذریعے گھر کے سیوریج سسٹم میں منتقل کر دیا جاتا ہے۔ روبوٹ کے مخصوص ڈاکنگ اسٹیشن کو گھر کی موجودہ پلمبنگ سے جوڑا جاتا ہے، جبکہ کم شور پیدا کرنے والا گرائنڈر فضلے کو بہانے کے دوران پائپوں میں رکاوٹ پیدا ہونے سے بچاتا ہے۔ فضلہ خارج کرنے کے بعد ’شیاوبان‘ خودکار صفائی کے مرحلے میں داخل ہو جاتا ہے، جہاں ہائی پریشر پانی کے جیٹس اور الٹرا وائلٹ روشنی کی مدد سے اسے مکمل طور پر جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے، تاکہ اگلی بار استعمال کے لیے تیار رہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایجاد معذور اور بزرگ افراد کی روزمرہ زندگی کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے اور مستقبل میں گھریلو نگہداشت کے شعبے میں بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل