Sunday, June 21, 2026
 

فیفا ورلڈ کپ: دبئی کے طالبعلم کی وائرل ویڈیو نے اسے اپنے ہیرو تک پہنچا دیا

 



دبئی کے ایک کم عمر فٹبال شائق کے لیے اس وقت خواب حقیقت بن گیا جب اس کی انسٹاگرام ویڈیو عالمی شہرت یافتہ فٹبالر ارلنگ ہالینڈ کی نظر سے گزری اور ناروے کے اسٹار اسٹرائیکر نے خود اس پر ردعمل دیا۔ مانچسٹر سٹی فٹبال اسکول دبئی کے طالبعلم قاسم قادر اپنے والد کے ہمراہ امریکا کے شہر بوسٹن پہنچے تاکہ فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ناروے اور عراق کے درمیان میچ دیکھ سکیں اور اپنے پسندیدہ کھلاڑی ارلنگ ہالینڈ کو ایکشن میں دیکھنے کا خواب پورا کر سکیں۔ یہ دلچسپ داستان اس وقت شروع ہوئی جب قاسم نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں اس نے ہالینڈ سے کہا کہ اگر ہالینڈ اس پوسٹ کو لائیک کر دیں تو اس کے والد اسے ورلڈ کپ دیکھنے لے جائیں گے۔ خاندان کی حیرت کی انتہا نہ رہی جب مانچسٹر سٹی اور ناروے کے اسٹار فارورڈ ارلنگ ہالینڈ نے نہ صرف ویڈیو کو پسند کیا بلکہ کمنٹ میں لکھا، "وہاں ملاقات ہوگی۔" قاسم کے والد شجاع قادر نے بتایا کہ جب ان کے فون پر ہالینڈ کے کمنٹ کی اطلاع آئی تو ابتدا میں انہیں یقین ہی نہیں آیا کہ یہ واقعی ہالینڈ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیو بہت تیزی سے وائرل ہوئی۔ جب اس نے دو لاکھ ویوز حاصل کیے تو اچانک ہالینڈ کا کمنٹ سامنے آیا۔ پہلے ہمیں لگا شاید یہ کوئی جعلی اکاؤنٹ ہے لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ واقعی ہالینڈ نے جواب دیا ہے۔ شجاع کے مطابق قاسم بچپن ہی سے فٹبال کا دیوانہ رہا ہے۔ صرف دو سال کی عمر میں ہی اس کی گیند سے دلچسپی واضح ہو گئی تھی جس کے بعد اسے مانچسٹر سٹی کی اکیڈمی میں داخل کروا دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ قاسم گزشتہ تین برس سے اپنے پسندیدہ کھلاڑی ارلنگ ہالینڈ جیسا ہیئر اسٹائل بھی اپنائے ہوئے ہے اور اسے ناروے کے اسٹرائیکر کی کھیل اور شخصیت دونوں سے بے حد متاثر ہے۔ ہالینڈ کے کمنٹ کے بعد باپ بیٹے نے امریکا کا سفر کیا، جہاں انہوں نے بوسٹن میں ناروے اور عراق کے درمیان ورلڈ کپ میچ دیکھا۔ اس میچ میں ارلنگ ہالینڈ نے دو گول اسکور کیے اور ناروے نے عراق کو 1-4 سے شکست دی۔ اس یادگار تجربے کے بارے میں شجاع قادر نے کہا کہ یہ سب کچھ کسی خواب جیسا لگتا ہے۔ جب میں نے ہالینڈ کا کمنٹ دیکھا تو اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آیا۔ اس کے بعد میں اپنے بیٹے سے کیا گیا وعدہ پورا کیے بغیر نہیں رہ سکتا تھا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل