Monday, June 22, 2026
 

سنجے لیلا بھنسالی کی فلم کے سیٹ پر افسوسناک حادثہ، کرنٹ لگنے سے ہلاکت

 



معروف بھارتی فلم ساز اور ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کی زیرِ تکمیل میگا بجٹ فلم ’لو اینڈ وار‘ کے سیٹ پر پیش آنے والے حادثے نے فلمی دنیا کو افسردہ کردیا۔ شوٹنگ کے دوران بجلی کا شدید جھٹکا لگنے سے ایک کارپینٹر جان کی بازی ہار گیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعے میں فلم کے سیٹ پر کام کرنے والے چندر دھاری سنگھ یادیو نامی بڑھئی کو اچانک کرنٹ لگ گیا۔ بجلی کا جھٹکا اتنا شدید تھا کہ وہ موقع پر ہی جانبر نہ ہوسکے۔ مرحوم اپنے پیچھے اہلیہ اور دو بچوں کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ واقعے کے بعد فلمی شعبے سے وابستہ کارکنوں کی نمائندہ تنظیم فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینی ایمپلائز نے متاثرہ خاندان کےلیے مزید مالی معاونت کا مطالبہ کیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے ورکر کے اہلِ خانہ کو مناسب معاوضہ فراہم کیا جانا چاہیے تاکہ انہیں مستقبل میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ فیڈریشن کے صدر بی این تیواری نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سنجے لیلا بھنسالی کی جانب سے متاثرہ خاندان کو 40 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جا چکی ہے، تاہم تنظیم چاہتی ہے کہ یہ رقم بڑھا کر 50 لاکھ روپے کی جائے۔ بی این تیواری کے مطابق فیڈریشن نے فلمساز سے یہ درخواست بھی کی ہے کہ مرحوم چندر دھاری سنگھ یادیو کے دونوں بچوں کی تعلیم کے اخراجات کی ذمے داری بھی اٹھائی جائے تاکہ ان کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے۔ ’لو اینڈ وار‘ سنجے لیلا بھنسالی کی ایک بڑی پروڈکشن قرار دی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ اور سیٹ سے متعلق معاملات پر خاص توجہ دی جا رہی تھی، تاہم اس حادثے نے فلمی صنعت میں ورکرز کی حفاظت کے حوالے سے ایک بار پھر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل