Loading
آسٹریلیا کے معروف جادوگر 26 سالہ ڈینیئل ہڈن 10 روز تک جاری رہنے والی وسیع تلاش کے بعد مردہ حالت میں پائے گئے۔
آسٹریلوی میڈیا اور پولیس کے مطابق ڈینیئل ہڈن کو آخری بار 14 جون کی صبح تقریباً 3 بجے ریاست کوئنز لینڈ کے شہر گولڈ کوسٹ کے علاقے براڈ بیچ میں دیکھا گیا جس کے بعد ان سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔
پولیس نے یہ بھی بتایا کہ ان کا موبائل فون آخری مرتبہ دیکھے جانے کے کچھ ہی دیر بعد بند ہوگیا تھا، جبکہ بعد میں آنے والی تمام کالیں وائس میل پر منتقل ہو رہی تھیں جس سے خدشات مزید بڑھ گئے تھے۔
تفتیشی حکام نے بتایا کہ ڈینیئل ہڈن کی گاڑی 16 جون کو نیشنل پارک سے چند کلومیٹر دور ایک سڑک پر لاوارث حالت میں ملی تھی جس کے بعد سرچ آپریشن کا دائرہ اسی دشوار گزار علاقے تک محدود کر دیا گیا۔
بعد ازاں اہل خانہ کی اطلاع پر پولیس نے گمشدگی کا مقدمہ درج کرکے بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی۔ جس میں کوئنز لینڈ پولیس، آسٹریلوی ڈیفنس فورس، اسٹیٹ ایمرجنسی سروس، فائر اینڈ ریسکیو، رورل فائر سروس کے رضاکاروں اور فضائی سرچ ٹیموں نے حصہ لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بدھ کی صبح تقریباً 11 بجے ڈینیئل ہڈن کی لاش ماؤنٹ کوگل نیشنل پارک کے جنگلاتی علاقے سے برآمد ہوئی۔ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر واقعے میں کسی مجرمانہ کارروائی کے آثار نہیں ملے تاہم ابھی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے۔
کرتب اور جادو کی دنیا میں منفرد پہچان
ڈینیئل ہڈن آسٹریلیا میں اسٹیج میجک اور لائیو پرفارمنس کی دنیا کا ابھرتا ہوا نام سمجھے جاتے تھے۔ ان کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق وہ اپنی منفرد پرفارمنس، دلچسپ اندازِ میزبانی اور نت نئے جادوئی کرتبوں کی وجہ سے شہرت رکھتے تھے۔
وہ مختلف تقریبات، کارپوریٹ ایونٹس اور نجی محفلوں میں اپنے شو پیش کرتے تھے اور سوشل میڈیا پر بھی ان کے ہزاروں مداح موجود تھے۔ انسٹاگرام پر ان کے سات ہزار سے زائد فالوورز تھے، جہاں انہوں نے اپنی آخری پوسٹ 9 جون کو شیئر کی تھی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل