Tuesday, June 30, 2026
 

داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ نے ایک اور اہم تعمیراتی ہدف حاصل کر لیا

 



قومی اہمیت کے حامل داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ نے ایک اور اہم تعمیراتی ہدف حاصل کر لیا ہے۔ پروجیکٹ پر فل اسکیل رولر کمپیکٹڈ کنکریٹ (آر سی سی) ٹرائل کا آغاز کر دیا گیا۔ فل سکیل ٹرائل مین ڈیم پر آر سی سی تعمیراتی کام شروع کرنے سے قبل ایک لازمی مرحلہ ہے۔ مین ڈیم سائٹ کے قریب قائم ٹرائل سیکشن میں فل اسکیل کنکریٹنگ کی مشقیں جاری ہیں، پروجیکٹ پر فل اسکیل آر سی سی ٹرائل چار ماہ تک جاری رہے گا۔ انجینیئرز اور تکنیکی ماہرین کی ٹیمیں ٹرائل کے تمام تکنیکی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیں گی۔ ٹرائل کی کامیاب تکمیل کے بعد مین ڈیم پر آر سی سی ورکس کا باقاعدہ آغاز رواں سال کے آخر میں شیڈول ہے۔ پروجیکٹ پر آر سی سی ورکس کا آغاز گنی ایریا سے درکار میٹریل پوزولان کی دستیابی پر منحصر ہے، گزشتہ 10 سال پر محیط کوششوں کے باوجود گنی ایریا کی تحویل واپڈا کو نہیں مل پائی ہے۔ داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے 23 مختلف ورک فرنٹس پر تعمیراتی سرگرمیاں بیک وقت جاری ہیں، داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی مجموعی پیداواری صلاحیت 4 ہزار 320 میگاواٹ ہے۔ داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ دو مراحل میں مکمل ہوگا، ہر مرحلے کی پیداواری صلاحیت 2 ہزار 160 میگاواٹ ہے۔ پروجیکٹ کے پہلے مرحلے پر تعمیراتی کام جاری ہے، پہلا مرحلہ مکمل ہونے پر قومی گرڈ کو ہر سال 12 ارب یونٹ کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی مہیا کی جا سکے گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل