Tuesday, June 30, 2026
 

خطے میں کشیدگی میں کمی کے بعد یو اے ای کا اہم فیصلہ، لبنان پر سفری پابندی اٹھا لی گئی

 



ابوظبی: متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں پر لبنان جانے سے متعلق عائد سفری پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد اماراتی شہری دوبارہ لبنان کا سفر کر سکیں گے تاہم انہیں روانگی سے قبل بعض لازمی سفری ضوابط پر عمل کرنا ہوگا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یو اے ای حکومت نے کہا ہے کہ لبنان جانے والے تمام اماراتی شہریوں کے لیے روانگی سے پہلے وزارت خارجہ کے ساتھ اپنی سفری معلومات کا اندراج کرانا لازمی ہوگا تاکہ ہنگامی حالات میں ان سے فوری رابطہ ممکن بنایا جا سکے۔ یہ پابندی تقریباً دو ماہ قبل خطے میں امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے بعد پیدا ہونے والی سکیورٹی صورتحال کے باعث عائد کی گئی تھی۔ اس دوران متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں کو ایران، لبنان اور عراق کا سفر کرنے سے روک دیا تھا، جبکہ ان ممالک میں موجود اماراتی شہریوں کو بھی فوری طور پر وطن واپس آنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد لبنان کے لیے سفری پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم شہریوں کو سفر سے قبل سرکاری ہدایات پر عمل کرنے اور وزارت خارجہ کے ساتھ رجسٹریشن مکمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یو اے ای کا یہ فیصلہ خطے میں نسبتاً بہتر ہوتی سکیورٹی صورتحال اور سفارتی رابطوں میں پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ مستقبل میں دیگر علاقائی سفری پابندیوں پر بھی نظرثانی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل