Loading
سرجانی ٹاؤن خدا کی بستی میں واقع گھر میں 15 سالہ لڑکی پراسرار طور پر جاں بحق ہوگئی، لڑکی کے منہ سے جھاگ نکل رہی تھی جس سے شبہ ہے کہ موت طبی نہیں، لڑکی کی 2 روز قبل منگنی ہوئی تھی تاہم لڑکی منگنی سے خوش نہیں تھی۔
تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن تھانے کے علاقے خدا کی بستی میں واقع مکان نمبر 102 سے 15 سالہ لڑکی پراسرار طور پر ہلاک ہوگئی، لڑکی کو مردہ حالت میں عباسی شہید اسپتال لایا گیا جہاں لڑکی کی شناخت 15 سالہ زویا دختر زریاب احمد کے نام سے کی گئی۔
سرجانی ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کی لاش اس کا حقیقی بھائی مدثر اور تایا عباسی شہید اسپتال لائے تھے، لڑکی کے منہ سے جھاگ نکل رہی تھی جس سے شبہ ہے کہ موت طبی نہیں جبکہ اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ لڑکی رات معمول کے مطابق سوئی تھی اور صبح مردہ پائی گئی۔
سرجانی ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کی 2 روز قبل منگنی ہوئی تھی تاہم لڑکی منگنی سے خوش نہیں تھی اور اس نے اپنے والد کو منگنی توڑنے کا بھی کہا تھا جس پر والد کا کہنا تھا کہ میں منگنی توڑ دوں گا، لڑکی نے غصے میں اپنا کمرہ بند کر لیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر لڑکی کی موت کا تعین نہیں ہو سکا، لڑکی کا پوسٹ مارٹم کروا لیا گیا ہے اور نمونے کیمیاتی تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوائے جائیں گے تاکہ وجہ موت کا تعین ہو سکے۔ پولیس نے لڑکی کی لاش حقیقی والد کے سپرد کرکے واقعے کی تفتیش شروع کر دی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل