Loading
پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز سے اسپیکر صوبائی اسمبلی ملک احمد کی ملاقات ہوئی اور اس دوران تمام تحفظات دور کردیے گئے جبکہ کنٹرول آف ہیبیچوئل آفینڈرز بل 2026 نظرثانی کے بعد دوبارہ پیش کرنے کی یقین دہانی کرا دی گئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو ملاقات کے لیے فون کیا تھا اور آج ان کی دو گھنٹے سے زائد ملاقات رہی، ملاقات میں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے تمام تحفظات دور کیے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں ڈی پی او قصور کے معاملے پر ملک محمد احمد خان کی منشا کے مطابق معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کی گئی اور وزیراعلیٰ نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو پارلیمان کی تکریم کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے بتایا کہ عوامی نمائندے کے ساتھ کسی افسر کا غیرمناسب رویہ قابل برداشت نہیں۔
اسپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ہم عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کےلیے ہی اسمبلی میں آئے ہیں، پارلیمان کی حرمت میری اولین ترجیح ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں پنجاب کنٹرول آف ہیبیچوئل آفینڈرز بل 2026 کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، اسپیکر پنجاب اسمبلی نے بل پر ارکان اسمبلی اور اتحادی جماعتوں کے تحفظات سے آگاہ کیا۔
مریم نواز نے اسپیکر کو یقین دہانی کرائی کہ پنجاب کنٹرول آف ہیبیچوئل آفینڈرز بل 2026 پر دوبارہ غوروخوض ہو گا اور نظر ثانی کرکے دوبارہ ایوان میں پیش کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پنجاب کنٹرول آف ہیبیچوئل آفینڈرز بل میں بہتری کےلیے مزید ترامیم کی جائیں گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل