Tuesday, June 30, 2026
 

برطانیہ: گوگل اور ایپل کو بڑی تبدیلیوں کی تجویز

 



برطانیہ کے مسابقتی نگران ادارے کمپیٹیشن اینڈ مارکٹس اتھارٹی (سی ایم اے) نے ایپل اور گوگل کے ایپ ادائیگی کے قواعد میں بڑی تبدیلیوں کی تجویز پیش کی ہے جس کا مقصد ایپ ڈویلپرز کے اخراجات کم کرنا اور صارفین کے لیے قیمتوں میں کمی لانا ہے۔ تجویز کے تحت ایپل اور گوگل کو اس بات کا پابند بنایا جا سکتا ہے کہ وہ ایپ ڈویلپرز کو یہ اجازت دیں کہ وہ صارفین کو اپنے متبادل ادائیگی کے طریقوں کی طرف رہنمائی کر سکیں۔ اس وقت برطانیہ میں ایپل اس عمل کی اجازت نہیں دیتا جبکہ گوگل اس پر مختلف پابندیاں عائد کرتا ہے، جس کے باعث ڈویلپرز کو پلیٹ فارم کی مقررہ فیس ادا کرنا پڑتی ہے۔ سی ایم اے کا کہنا ہے کہ اگر یہ تبدیلی نافذ ہوتی ہے تو ایپل اور گوگل کی جانب سے وصول کی جانے والی فیس منصفانہ اور مناسب ہونی چاہیے اور اس میں ہونے والی بچت یا تو صارفین کو کم قیمتوں کی صورت میں منتقل کی جائے یا پھر ڈویلپرز اپنی ایپس میں مزید جدت لانے پر خرچ کریں۔ یہ اقدام گزشتہ سال اکتوبر میں سی ایم اے کی جانب سے ایپل اور گوگل کو موبائل مارکیٹ میں اسٹریٹجک مارکیٹ اسٹیٹس دینے کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے تحت ریگولیٹر کو اختیار حاصل ہے کہ وہ ان بڑی ٹیک کمپنیوں میں زیادہ مسابقت کو فروغ دینے کے لیے مداخلت کر سکے، تاکہ صارفین اور کاروباری اداروں کو فائدہ پہنچے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل