Friday, July 03, 2026
 

پاکستان میں کارپوریٹ گروتھ میں تاریخی اضافہ، سال 2025-26 میں پاکستان میں 43,559 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ

 



ایس ای سی پی نے کہا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے دوران پاکستان کے ادارہ جاتی کاروباری شعبے نے تاریخی ترقی ریکارڈ کی، جہاں 43 ہزار 559 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 24 فیصد زیادہ ہیں۔ اس اضافے کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ ایک ہزار 615 ہو گئی۔ صرف جون کے مہینے میں 4 ہزار 323 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، جو ایک ہی ماہ میں رجسٹر ہونے والی کمپنیوں کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے، جبکہ سرکاری شعبے کی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں بھی 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صوبائی سطح پر پنجاب میں 22 ہزار 364، سندھ میں 6 ہزار 691، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 820، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 585 اور بلوچستان میں 759 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ ایس ای سی پی کے مطابق سب سے زیادہ شرح نمو گلگت بلتستان میں 65 فیصد جبکہ بلوچستان میں 36 فیصد رہی۔ نئی رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں 41 فیصد کا تعلق تجارتی شعبے سے تھا، جو ملک میں کاروباری سرگرمیوں کے بڑھتے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔ ایس ای سی پی کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں ایک ہزار 14 کمپنیاں رجسٹر کروائیں، جن کا ادا شدہ سرمایہ ڈھائی ارب روپے رہا۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے زیادہ تر تجارت، کان کنی اور معلوماتی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی، جبکہ سب سے زیادہ کمپنیاں چین کے سرمایہ کاروں نے رجسٹر کروائیں۔ اس کے علاوہ امریکہ، برطانیہ، جرمنی، کینیڈا اور اسپین کے سرمایہ کاروں نے بھی پاکستان کے ادارہ جاتی کاروباری شعبے میں نئی کمپنیوں کے قیام میں سرمایہ کاری کی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل