Saturday, July 04, 2026
 

گزشتہ ڈیڑھ سال میں نجی شعبے کو 1800 ارب روپے کے قرضے جاری کیے، بینکنگ انڈسٹری

 



مقامی بینکنگ انڈسٹری نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں نجی شعبے کو 1800 ارب روپے مالیت کے قرضے جاری کیے، ایس ایم ای فنانسنگ 495 ارب سے بڑھکر 900 ارب روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ یہ بات پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے چئیرمین ظفر مسعود نے بینکنگ سمٹ کے چئیرمین عاطف باجوہ ودیگر کے ہمراہ بینکنگ سمِٹ 2026 سے متعلق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ پی بی اے کے تحت کراچی میں 7 اور 8 جولائی کو بینکنگ سمٹ منعقد ہوگی جس کے پہلے سیشن میں وفاقی وزیر خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک خطاب کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری بینکوں کی جانب سے 300 ارب روپے کے ڈیبٹ ری اسٹرکچرنگ کے سبب ممکن ہوئی اور بینکوں کی وجہ سے حکومت کی نج کاری پلان ٹریک پر آیا۔ ظفر مسعود نے بتایا  کہ پاکستان بینکنگ سمِٹ کا بنیادی مقصد بینکنگ سیکٹر کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے بات کرنا ہے۔ سمٹ میں بینکوں کی کارکردگی پر سوال بھی کیا جائے گا۔ اس سمٹ میں کوئی بھی اسپیکر زوم پر نہیں ہوگا بلکہ بذاتِ خود شریک ہوگا۔ سمٹ میں وزیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک بھی شرکت کریں گے۔ سمٹ میں اکیڈیمیہ، انڈسٹری اور حکومت کی شمولیت نمایاں ہوگی۔ ملکی ترقی میں تینوں شعبوں کی باہمی شراکت داری ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12 سے 13ارب روپے کی کیش اکنامی ہے کیش لیس اکانومی میں بھارت کو ویسے ہی جواب دیں گے جیسے آپریشن سندور کا دیا تھا۔ اس موقع پر سیکریٹری پاکستان بینکس ایسوسی ایشن منیر کمال کا کہنا تھا کہ رواں سال بینکنگ سمٹ میں امریکا، سنگاپور، بحرین، یو اے ای، ملائیشیا، سعودی عرب اور بیلجیئم سے 14 ماہرین شرکت کریں گے۔ زراعت سے لے کر کاروباروں کو قرض دینے کی حکمت عملی پر غور ہوگا۔ ڈیجیٹائزیشن سے لے کر پیمنٹ سسٹم اور کیش لیس اکانومی پر فوکس کیا جائے گا۔ ہمیں بینکنگ کے حوالے سے دنیا بھر سے سیکھنا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان بینکنگ سمِٹ 2026 عاطف باجوہ کا کہنا تھا کہ بینکنگ سیکٹر کئی سالوں سے حکومتی شراکت داری سے مستحکم کارکردگی دکھا رہا ہے۔ قرضوں سے لے کر اسٹاکس میں بینکس حکومتی شراکت داری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ تاثر ہے کہ بینکس زیادہ پیسہ کماتے ہیں لیکن بینکوں کے منافع میں 60 فیصد حصہ حکومت کو ٹیکسوں کی مد میں جاتا ہے۔ زراعت، ہاؤسنگ، ایس ایم ایز میں حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ گزشتہ سال کی سمٹ سے حکومتی پروجیکٹس میں معاونت سے متعلق ایک پیشرفت ہوئی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل