Monday, July 06, 2026
 

ہائیکورٹس میں 22 ایڈیشنل ججز کی تعیناتیوں کیلیے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس طلب

 



لاہور ہائی کورٹ میں 10، اسلام آباد ہائی کورٹ میں 3 سندھ ہائی کورٹ میں 5 جبکہ بلوچستان ہائیکورٹ میں بھی پانچ ایڈیشنل ججز کی تعیناتیوں کیلئے جوڈیشل کمیشن کے الگ الگ اجلاس طلب کر لیے گئے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے چار  الگ الگ اجلاس طلب کر لئے گئے، جو 20 اور 21 جولائی کو سپریم کورٹ میں ہوں گے۔ اعلامیے کے مطابق پشاور اور سندھ ہائی کورٹ کے ایڈیشنل ججز کی مستقل تعیناتی کیلئے اجلاس 20 جولائی کو ہوں گے۔ سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچز کی مدت میں توسیع پر بھی غور کیا جائے گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کیلئے اجلاس بھی 20 جولائی کو ہوگا، لاہور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج کی مستقل تعیناتی کیلئے اجلاس 21 جولائی کو ہوگا۔ اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی پر بھی غور کیا جائے گا اس کے علاوہ بلوچستان ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کیلئے بھی اجلاس 21 جولائی کو ہوگا۔ سندھ ہائی کورٹ میں پانچ ججوں کی خالی آسامیوں کے لیے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 20جولائی کو ہو گا، جس میں سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچوں کی توسیع کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں دو ایڈیشنل ججوں کو مستقل کرنے پر بھی غور کیا جائیگا۔ جوڈیشل کمیشن اجلاس میں پانچ خالی آسامیوں پر تقرری کے لیے 34ناموں پر غور کیا جائے گا۔ لاہور ہائیکورٹ میں دس ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کیلئے 24 ناموں پر غور ہوگا، ان میں  ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصر جاوید رانا،محمد شان گل، غلام سرور نہیج، ایڈووکیٹ محمد اجمل خان زاہد، ایڈووکیٹ عامر انجم ملک، ایڈووکیٹ شیریں عمران، اسد علی باجوہ، محمد امجد پرویز،ایڈووکیٹ خالد ابن عزیز، منور اقبال دگل،ایڈووکیٹ سید فرہاد علی، بیرسٹر محمد عثمان غنی راشد چیمہ، ایڈووکیٹ ملک کاشف رفیق رجوانہ، چوہدری سرفراز علی دیہال، ایڈووکیٹ محمد ساجد خان تنولی،محمد ثاقب جیلانی، محمد وسیم، اسد محمود عباسی، اشفاق احمد کھرل،دانیال اعجاز، مغیث اسلم ملک، ایڈووکیٹ محمد شہزاد خان، محمد نواز علی پیرزادہ، افتخار الحق خان شیروانی کے نام شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن اجلاس سے قبل ججز انٹرویو کمیٹی امیدواروں کے انٹرویو کرے گی،ججز انٹرویو کمیٹی کا 8 جولائی سے انٹرویو شروع کرنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں تین ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کیلئے جن سات ناموں پر غور ہوگا ان میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند، ایڈووکیٹ محمد واجد حسین، عمیر مجید ملک، ایاز شوکت،سید واجد شاہ گیلانی، سید قمر حسین شاہ سبزواری اور سید انتخاب حسین شاہ شامل ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل