Wednesday, July 08, 2026
 

نئے مالی سال کے بجٹ کے تحت معاشی اشاریوں میں نمایاں بہتری آئی ہے، وزیر خزانہ

 



وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ نئے مالی سال کے بجٹ کے تحت پاکستان کے معاشی بنیادی اشاریوں میں نمایاں بہتری آئی ہے اور مالیاتی پائیداری مزید مضبوط ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز کے وفد نے ملاقات کی اور جس میں معاشی صورت حال، کریڈٹ پروفائل اور اصلاحاتی ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ معاشی اصلاحات اور مؤثر معاشی پالیسیوں سے پاکستان کی اقتصادی کارکردگی مسلسل بہتر ہو رہی ہے۔ ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز نے پاکستان کی معاشی اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط، قرضوں کی پائیداری اور معاشی استحکام کے لیے حکومتی عزم کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے وفد کو بتایا کہ مالی سال 27-2026 کے بجٹ کے تحت پاکستان کے معاشی بنیادی اشاریوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم مہنگائی، بڑھتے زرمبادلہ کے ذخائر، مضبوط بیرونی شعبے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کی وجہ سے معاشی استحکام ہوا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ کم مالیاتی خسارہ، ریکارڈ پرائمری سرپلس اور بہتر قرضہ جاتی انتظام سے مالیاتی پائیداری مزید مضبوط ہوئی ہے۔ وفد کو ٹیکس، توانائی، سرکاری اداروں، نجکاری، گورننس اور مالیاتی نظم و نسق میں جاری اصلاحات سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ مسلسل معاشی اصلاحات اور مالیاتی نظم و ضبط سے پاکستان کی معیشت اور عالمی اعتماد دونوں مضبوط ہو رہے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل