Wednesday, July 08, 2026
 

ممانی کے ساتھ مبینہ تعلقات پر بھانجے نے ماموں کو قتل کردیا

 



پشاور میں ممانی کیساتھ مبینہ تعلقات کے معاملے پر بھانجے نے ماموں کو راستے سے ہٹانے کیلیے قتل کردیا۔  ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور کے علاقے متھرا میں 10 روز قبل شہری کے اندھے قتل کا واقعہ پیش آیا، جس پر ایس پی ورسک ڈویژن محمد ارشد خان، ڈی ایس پی ورسک سرکل ارباب نعیم حیدر کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ متھرا صدام ریاض نے تفتیشی افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ تفتیشی ٹیم نے اہم اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دس دن قبل شہری کے اندھے قتل کیس کا معمہ حل کرتے ہوئے ملوث ملزمان فیصل ولد شمشاد اور یوسف ولد شجاعت کو گرفتار کرلیا۔ مدعی فضل الرحمان نے تھانہ متھرا پولیس کو مورخہ 27 جون 2026 کو اپنے بھائی مقتول عبد الرحمن کی نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کی رپورٹ درج کروائی تھی۔   واقعہ کے فوراً بعد مدعی کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف اندھا قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔ افسرانِ بالا کی ہدایات کی روشنی میں پولیس ٹیم نے جدید سائنسی خطوط پر شب و روز محنت کرتے ہوئے نہایت پیشہ ورانہ انداز میں تفتیش جاری رکھی، جس کے نتیجے میں کیس کو کامیابی کیساتھ ٹریس کرکے ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر گرفتار کرلیا گیا۔ دورانِ تفتیش معلوم ہوا کہ ملزم فیصل کے اپنی ممانی کے ساتھ مبینہ تعلقات تھے جس پر اُن نے اپنے ماموں عبدالرحمان کو راستے سے ہٹانے کیلیے فائرنگ کر کے قتل کیا۔ دوران تفتیش پولیس کے سامنے یہ بات بھی آئی کہ ملزم نے دوست یوسف سے پستول لی جبکہ دیگر ساتھیوں نے بھی اس معاملے میں سہولت کاری کی تھی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل