Saturday, July 11, 2026
 

ارلنگ ہالینڈ کی ہم شکل روسی ماڈل وائرل، ویڈیو پر 11 کروڑ سے زائد ویوز

 



فٹبال کے عالمی شہرت یافتہ اسٹار ارلنگ ہالینڈ سے حیران کن حد تک مشابہت رکھنے والی روسی ماڈل انستاشیہ کوسٹرومیٹینا ان دنوں سوشل میڈیا پر غیر معمولی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔ ان کے چہرے کی ساخت، سنہرے بال، آنکھوں کے تاثرات، مسکراہٹ اور اندازِ گفتگو نے لاکھوں صارفین کو حیران کر دیا ہے، جبکہ متعدد مداح انہیں ارلنگ ہالینڈ کا ’’لیڈی ورژن‘‘ قرار دے رہے ہیں۔ 24 سالہ انستاشیہ ایک پیشہ ور ماڈل اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ہیں، جو اس سے پہلے بھی مختلف معروف برانڈز کے ساتھ کام کر چکی ہیں۔ تاہم انہیں بین الاقوامی سطح پر شہرت اس وقت ملی جب ان کی والدہ ماریہ کوسٹرومیٹینا نے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انستاشیہ ارلنگ ہالینڈ کے مخصوص انداز، چہرے کے تاثرات اور باڈی لینگویج کی نقل کرتی دکھائی دیں۔ ویڈیو میں انستاشیہ نے اپنے سنہرے بال بھی بالکل اسی انداز میں باندھے تھے، جس طرح ارلنگ ہالینڈ اکثر فٹبال میچز کے دوران نظر آتے ہیں۔ ان کے چہرے کے خدوخال، ناک، آنکھوں، مسکراہٹ اور تاثرات کی مماثلت نے صارفین کو اس قدر حیران کیا کہ بہت سے افراد پہلی نظر میں انہیں خود ہالینڈ ہی سمجھ بیٹھے۔ یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، خصوصاً ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر وائرل ہوگئی۔ رپورٹس کے مطابق اس ویڈیو کو اب تک 11 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے، جبکہ 50 لاکھ سے زیادہ صارفین اسے پسند کر چکے ہیں۔ اسی ایک ویڈیو نے انستاشیہ کو راتوں رات عالمی شہرت دلا دی۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’’یہ ارلنگ ہالینڈ نہیں بلکہ ان کی جڑواں بہن ارلینا ہالینڈ ہیں۔‘‘ ایک اور مداح نے تبصرہ کیا کہ اگر کبھی ہالینڈ زخمی ہوجائیں تو مانچسٹر سٹی انستاشیہ کو میدان میں اتار دے، شاید کسی کو فرق بھی محسوس نہ ہو۔ کئی صارفین نے انہیں ’’ہالینڈ کی گمشدہ بہن‘‘ اور ’’لیڈی ہالینڈ‘‘ جیسے القابات بھی دیے۔ https://www.facebook.com/asportstv.pk/videos/russian-model-anastasia-kostromitina-has-gone-viral-for-her-uncanny-resemblance-/1032435595928846/ انستاشیہ کا کہنا ہے کہ ابتدا میں وہ اپنی اس غیر معمولی مشابہت کو زیادہ اہمیت نہیں دیتی تھیں، لیکن وقت کے ساتھ انہوں نے اسے مثبت انداز میں قبول کر لیا۔ ان کے مطابق کئی برسوں سے لوگ ان کا موازنہ ارلنگ ہالینڈ سے کرتے آ رہے ہیں اور اب وہ اسے ایک دلچسپ تعریف سمجھتی ہیں۔ مداحوں کے مطابق دونوں شخصیات کے درمیان صرف چہرے کی ہی نہیں بلکہ آنکھوں کی حرکت، مسکراہٹ، تاثرات اور چہرے کے زاویوں تک میں حیرت انگیز مماثلت موجود ہے، جس کی وجہ سے ان کی تصاویر اور ویڈیوز دنیا بھر میں تیزی سے شیئر کی جا رہی ہیں۔ یہ دلچسپ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ارلنگ ہالینڈ اپنی شاندار فٹبال کارکردگی کے باعث مسلسل خبروں میں ہیں۔ فٹبال سپر اسٹار کی عالمی مقبولیت اور انستاشیہ کی وائرل ویڈیوز نے اس غیر معمولی مشابہت کو دنیا بھر میں گفتگو کا موضوع بنا دیا ہے۔ اگرچہ دونوں کے درمیان کسی قسم کا خاندانی تعلق موجود نہیں، تاہم ان کی حیران کن ظاہری مماثلت کو حالیہ عرصے کے دلچسپ ترین اتفاقات میں شمار کیا جا رہا ہے، جبکہ انستاشیہ کے سوشل میڈیا فالوورز کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل