Loading
پنجاب کے دارالحکومت میں موسم نے کروٹ بدل لی شہر پر چھائی کالی گھٹاؤں نے گرمی کا زور توڑ دیا اور مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔
بارش کے بعد گرمی سے پریشان شہریوں کے چہروں پر خوشی لوٹ آئی جبکہ درختوں اور سڑکوں کا حسن بھی نکھر گیا۔
شہر کے مختلف علاقوں نشتر ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، گلبرگ، سمن آباد، لارنس روڈ، مزنگ، مال روڈ، لکشمی چوک اور نابھہ روڈ سمیت متعدد مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب بارش کے پیش نظر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر واسا لاہور سمیت تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہوگئے ہیں۔
وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد، ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور ایم ڈی واسا غفران احمد نے تمام فیلڈ ٹیموں کو متحرک رہنے اور مرکزی شاہراہوں، انڈر پاسز سمیت اہم مقامات پر نکاسی آب کے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
حکام نے ہدایت کی ہے کہ بجلی کی بندش والے علاقوں میں ڈسپوزل اسٹیشنز کو جنریٹرز کے ذریعے فعال رکھا جائے تمام پمپس آپریشنل ہوں اور اسکرینوں کی صفائی یقینی بنائی جائے۔
کمشنر لاہور نعمان یوسف نے بھی تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ واسا، ایم سی ایل اور ایل ڈی اے کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہیں جبکہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں نکاسی آب آپریشن کی نگرانی کریں۔
کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ تمام مرکزی شاہراہوں اور انڈر پاسز کو کلیئر رکھا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل یقینی بنایا جائے۔ سی بی ڈی، روڈا اور دیگر فیلڈ ٹیموں کو بھی اپنے مقامات پر الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل