Thursday, July 16, 2026
 

یورپی یونین کمیشن کی جی ایس پی پلس رپورٹ جاری، پاکستان زیادہ مستفید ہونے والا ملک قرار

 



یورپی کمیشن کی تازہ جی ایس پی پلس رپورٹ میں پاکستان کو بدستور اسکیم کا سب سے زیادہ مستفید ہونے والا ملک قرار دیا گیا ہے۔ پورپی کمیشن کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق سنہ 2024 میں پاکستان کی 7.5 ارب یورو مالیت کی برآمدات جی ایس پی پلس رعایتوں سے مستفید رہیں اور پاکستان کو  تقریباً 732 ملین یورو کی ٹیرف بچت حاصل ہوئی۔ یورپی کمیشن رپورٹ کے مطابق پاکستان نے جی ایس پی پلس رعایتوں سے استفادے کی شرح  95.1 فیصد تک پہنچا دی جبکہ سال 2024 میں یورپی یونین نے پاکستان کی مجموعی برآمدات کا 28 فیصد درآمد کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی ملبوسات، ٹیکسٹائل، چمڑے، تیار خوراک اور دیگر مصنوعات نے یورپی رعایتوں سے نمایاں فائدہ اٹھایا اور جی ایس پی پلس سے متعلق تمام 27 بین الاقوامی کنونشنز کی توثیق برقرار رکھی۔ یورپی کمیشن کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے یورپی یونین کے مانیٹرنگ عمل کے ساتھ مسلسل اور باقاعدہ تعاون جاری رکھا، رپورٹ میں قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کو عالمی اے اسٹیٹس کے حصول کو پاکستان کی اہم ادارہ جاتی پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔ یورپی کمیشن رپورٹ قومی کمیشن برائے اقلیت کے قیام سے متعلق قانون سازی کو اقلیتوں کےتحفظ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے جبکہ انسداد تشدد قانون کے عملی قواعد، تربیتی اقدامات اور جیل اصلاحات کو رپورٹ میں مثبت پیش رفت کے طور پر تسلیم کیا گیا۔ کمیشن رپورٹ کے مطابق خواتین کے تحفظ، گھریلو تشدد کے تدارک اور کم عمری کی شادیوں کے خلاف قانون سازی کو نمایاں پیش رفت قرار دیا گیا، محنت کشوں کے حقوق، جبری مشقت کے خاتمے اور بچوں کی مشقت کے انسداد کے اقدامات کو رپورٹ میں سراہا گیاہے۔ اس کے علاوہ پاکستان کی موسمیاتی پالیسی، کاربن مارکیٹ کے رہنما اصولوں اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ سے متعلق اقدامات کا اعتراف جبکہ انسداد منشیات کے نئے قوانین اور ڈیجیٹل کیس مینجمنٹ نظام کو مثبت پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔  رپورٹ میں یورپی یونین نے پاکستان کے لیے 400 ملین یورو کے ترقیاتی اور اصلاحاتی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ 

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل