Thursday, July 16, 2026
 

’رجب بٹ کون ہیں؟‘ فہد مصطفیٰ سے تنازع پر وسیم عباس کا مؤقف وائرل

 



پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار وسیم عباس نے سوشل میڈیا انفلوئنسر رجب بٹ اور اداکار فہد مصطفیٰ کے درمیان حالیہ تنازع پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے، جس کے بعد ان کا بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور صارفین کی جانب سے اسے متوازن مؤقف قرار دیا جا رہا ہے۔ وسیم عباس، جو پاکستان کے معروف ٹی وی اور فلمی اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ ہدایت کاری کے شعبے سے بھی وابستہ رہے ہیں، حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے۔ گفتگو کے دوران میزبان نے ان سے فہد مصطفیٰ اور رجب بٹ کے درمیان اس تنازع پر سوال کیا، جو فہد مصطفیٰ کے اس بیان کے بعد سامنے آیا تھا کہ فیملی وی لاگرز ’اپنے خاندان کو فروخت کرتے ہیں‘۔ اس سوال کے جواب میں وسیم عباس نے کہا کہ ’رجب بٹ کو کون جانتا ہے؟ فہد مصطفیٰ پاکستان کے بڑے ہیروز میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ انڈسٹری کی سب سے کامیاب شخصیات میں سے ایک ہیں۔ اگر کوئی فہد مصطفیٰ کو نہیں جانتا تو شاید وہ جنگل میں رہتا ہوگا۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ شرط لگا سکتے ہیں کہ انہوں نے آج تک رجب بٹ کی ایک بھی ویڈیو یا کلپ نہیں دیکھی۔ وسیم عباس نے کہا کہ فہد مصطفیٰ کی شہرت صرف ڈراموں یا فلموں تک محدود نہیں بلکہ ’جیتو پاکستان‘ کی بدولت وہ ملک بھر میں پہچانے جاتے ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ رجب بٹ یوٹیوب کی دنیا میں یقیناً ایک بڑے اسٹار ہیں اور اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ سینئر اداکار نے دونوں شخصیات کے مؤقف پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فہد مصطفیٰ کو بھی فیملی وی لاگرز کے بارے میں ایسا سخت بیان نہیں دینا چاہیے تھا، لیکن اگر انہوں نے ایسا کہا بھی تو رجب بٹ کو اس کا جواب زیادہ نرم اور مہذب انداز میں دینا چاہیے تھا۔ وسیم عباس کے اس بیان کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کافی پذیرائی مل رہی ہے۔ متعدد افراد کا کہنا ہے کہ انہوں نے کسی ایک فریق کی حمایت کرنے کے بجائے دونوں کے مؤقف پر متوازن انداز میں تنقید کی، اسی لیے ان کی رائے کو حقیقت پسندانہ اور انصاف پر مبنی قرار دیا جا رہا ہے۔ بعض مداحوں نے تبصروں میں لکھا کہ وسیم عباس نے جذبات کے بجائے حقائق کی بنیاد پر گفتگو کی، جس کی وجہ سے ان کا بیان لوگوں کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل