Thursday, July 16, 2026
 

فیصل قریشی کا نیا ڈراما  ’چک دے انڈیا‘ کی نقل قرار، سوشل میڈیا پر تنقید

 



انٹرٹینمنٹ چینل کا نیا اسپورٹس ڈراما ’میدان‘ نشر ہونے سے قبل ہی سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ ڈرامے میں معروف اداکار فیصل قریشی ایک فٹبال کوچ کے کردار میں نظر آئیں گے، جبکہ کاسٹ میں دنانیر مبین، مہر بانو، وردہ عزیز اور دیگر فنکار بھی شامل ہیں۔ ڈرامے کا ٹریلر سامنے آنے کے بعد متعدد سوشل میڈیا صارفین نے اس کی کہانی اور انداز کا موازنہ بالی ووڈ کی معروف فلم ’چک دے انڈیا‘ سے کرنا شروع کر دیا ہے۔ ناظرین کا کہنا ہے کہ ڈرامے کی بنیادی کہانی ایک ایسے کوچ کے گرد گھومتی ہے جو خواتین کی فٹبال ٹیم کو کامیابی کی راہ پر گامزن کرتا ہے، جبکہ ’چک دے انڈیا‘ میں بھی شاہ رخ خان ایک خواتین ہاکی ٹیم کے کوچ کے طور پر دکھائی دیے تھے۔ صارفین کے مطابق صرف کہانی ہی نہیں بلکہ فیصل قریشی کے تاثرات، انداز اور کردار کی پیشکش بھی کسی حد تک شاہ رخ خان کے کردار کی یاد دلاتی ہے۔ اگرچہ دونوں پروجیکٹس میں کھیل مختلف ہیں، کیونکہ ایک میں ہاکی جبکہ دوسرے میں فٹبال کو موضوع بنایا گیا ہے، تاہم کئی افراد کا خیال ہے کہ دونوں میں نمایاں مماثلت موجود ہے۔ واضح رہے کہ ’چک دے انڈیا‘ کو پاکستان میں بھی غیر معمولی پذیرائی ملی تھی اور یہ فلم آج بھی کھیلوں پر بننے والی مقبول ترین فلموں میں شمار کی جاتی ہے، اسی وجہ سے ’میدان‘ کا ٹریلر سامنے آتے ہی دونوں کا موازنہ شروع ہوگیا۔ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے دلچسپ تبصرے بھی دیکھنے میں آئے۔ ایک صارف نے طنزیہ انداز میں ڈرامے کو ’چک دے پاکستان‘ کا نام دے دیا، جبکہ ایک اور نے سوال اٹھایا کہ ’بھارتی فلم کی نقل بنانے کی ضرورت ہی کیا تھی؟‘ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ اگر فیصل قریشی کلین شیو ہوتے تو ان کی مشابہت شاہ رخ خان سے مزید زیادہ محسوس ہوتی۔ اگرچہ ڈرامے کی مکمل کہانی ابھی سامنے نہیں آئی، تاہم ٹریلر کی بنیاد پر ہونے والی یہ بحث سوشل میڈیا پر زور پکڑ چکی ہے۔ اب ناظرین کی نظریں اس بات پر ہیں کہ نشر ہونے کے بعد ’میدان‘ اپنی الگ شناخت قائم کر پاتا ہے یا نہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل