Loading
معروف پاکستانی اداکارہ اور میزبان صنم جنگ نے کراچی میں ای چالان سسٹم سے متعلق اپنا دلچسپ تجربہ مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان واپس آنے کے صرف ایک ماہ کے دوران ان پر ڈرائیونگ کے چھ جرمانے عائد ہو چکے ہیں، جن میں بعض ایسے بھی شامل ہیں جن کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعلقہ خلاف ورزی کی ہی نہیں۔
صنم جنگ نے انسٹاگرام پر جاری کی گئی ایک ویڈیو میں بتایا کہ انہیں پاکستان آئے ابھی ایک مہینہ ہوا ہے، لیکن اس مختصر عرصے میں متعدد ای چالان موصول ہونے کے باعث ان کے والد بھی خاصے ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں جرمانے ملنے پر وہ خود بھی حیران ہیں۔
اداکارہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پہلا جرمانہ موبائل فون پر بات کرتے ہوئے گاڑی چلانے کی وجہ سے ہوا تھا، جسے وہ اپنی غلطی تسلیم کرتی ہیں۔ ان کے مطابق اگر وہ دورانِ ڈرائیونگ فون استعمال کر رہی تھیں تو جرمانہ بالکل درست تھا، تاہم اس کے بعد ایسے چالان بھی موصول ہوئے جن کی کوئی معقول وجہ انہیں سمجھ نہیں آئی۔
صنم جنگ نے بتایا کہ انہیں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر بھی جرمانہ کیا گیا، حالانکہ وہ ہمیشہ گاڑی چلانے سے پہلے سیٹ بیلٹ ضرور باندھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک رہنے کی وجہ سے سیٹ بیلٹ استعمال کرنا ان کی مستقل عادت بن چکی ہے اور وہ اس کے بغیر گاڑی اسٹارٹ بھی نہیں کرتیں۔
View this post on Instagram
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ ایسے کاموں پر بھی جرمانے کیوں کیے جا رہے ہیں جو انہوں نے کیے ہی نہیں۔ ان کے بقول ایک طرف ای چالان موصول ہو رہے ہیں اور دوسری طرف گھر میں اس معاملے پر انہیں ڈانٹ بھی سننا پڑ رہی ہے۔
صنم جنگ کی اس ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے بھی ای چالان سسٹم سے متعلق اپنے اپنے تجربات شیئر کیے، جبکہ بعض افراد نے اس نظام میں غلط جرمانوں کی شکایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مؤثر جانچ کے نظام کو مزید بہتر بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل