Loading
وزیراعظم شہباز شریف نے کاروبار میں آسانی کے لیے پالیسی اقدامات کی افادیت اور نفاذ کی جانچ کے لیے بین الاقوامی اداروں سے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنانے، حکومتی اقدامات اور ایکٹ 2025 کے نفاذ میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کاروبار میں آسانی کے لیے اقدامات پر جائزہ اجلاس ہوا جہاں وزیراعظم نے کہا کہ کاروبار میں آسانی کے لیےحکومت کے پالیسی اقدامات اور آسان کاروبار ایکٹ 2025 کے نفاذ میں تیزی لائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ کاروبار میں آسانی کے اقدامات کی افادیت اور نفاذ کی جانچ کے لیے بین الاقوامی اداروں سے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے، پاکستان میں مقامی و بیرونی سرمایہ کاری کی وسیع استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ کاروبار میں آسانی کے لیے پالیسی اقدامات کے نفاذ پر جامع رپورٹ مرتب کرکے جلد پیش کی جائے، کاروبار میں آسانی کے لیے قانون و پالیسی سازی پر وزرات قانون و انصاف، ایس آئی ایف سی، سرمایہ کاری بورڈ، وزارت کامرس، وزارت صنعت اور تمام متعلقہ اداروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
اجلاس کو اقدامات کے نفاذ پر جائرے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ملک میں کاروبار میں آسانی کے لیے مختلف ضوابط اور کاغذی کارروائیوں اور منظوریوں کو کم کرنے کے حوالے سے 558 اصلاحات پر کام مکمل ہو چکا جس میں سے 71 پالیسی اقدامات کا نفاذ ہو چکا جبکہ 272 کے نفاذ پر کام تیزی سے جاری ہے۔
مزید بتایا گیا کہ 7 مرحلوں میں مختلف شعبوں میں ان کا نفاذ کیا جا رہا ہے، ان اقدامات کی بدولت کاروباری برادری کو مختلف ضابطوں و شرائط پر خرچ ہونے والی بچت کی رقم کا تخمینہ 468.7 ارب روپے ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ غیر ضروری و پیچیدہ کاغذی کارروائی اور ضوابط کے خاتمے سے برآمدات میں اضافہ، براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل