Loading
پاکستان نے جنوبی افریقا کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 47 رنز سے شکست دے کر انڈر 19 ویمن ٹی ٹوئنٹی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم پر پانچ میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں جمعہ کو پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی دعوت پر مقررہ 20 اوورزمیں 4وکٹوں کے نقصان پر125رنز بنائے۔
پلیئر آف دی میچ اوپنر راویل خان نے جارحانہ انداز میں 64 گیندوں پر 9چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 68 بنائے۔
دوسری اوپنرکومل خان نے 23 رنز کی اننگ کھیلی جس میں تین چوکے اور ایک چھکا بھی شامل تھا، زو افشاں نے 12 رنز بنائے جبکہ رحیماں سید نے 8 رنز جوڑے، کپتان فضا فیاض 12 گیندوں پر 7 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئیں۔شیر بانو 1 رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔
ایشلیگ، ڈیڈری وان ریسنبرگ اور میاں لالورنے 1، 1 کھلاڑی کو چلتا کیا۔
جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم 17.1 اوورز میں محض 78 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔صرف تین کھلاڑی ہی دہائی کا ہندسہ عبور کر سکیں۔
ڈینڈری وان رینسبرگ 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ کپتان مکی وان ورسٹ نے16 اور ایشلیگ نے 13 رنز کے ساتھ مزاحمت کی،تین کھلاڑی صفر کی خفت کا شکار ہوئیں،آخری بیٹر فلینڈر بیٹنگ کرنے کے لیے نہیں آئیں۔
پاکستان کی جانب سے ماہ نور زیب نے 21 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ان کی ہم نام ماہ نور نے 19 رنز دے کر 2 وکٹیں اپنے نام کیں، اپنا دوسرا میچ کھیلنے والی ماہم نزاکت نے 8 رنز دے کر 2 اور شہر بانو نے 12 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
سیریز کا تیسرا میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔ جنوبی افریقا نے پہلا میچ 4 وکٹ سے جیتا تھا۔
سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی تربیتی کیمپ میں شریک پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں نے بھی میچ دیکھا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل