Friday, July 17, 2026
 

لاہور؛ گھر سے خاتون اور تین بچوں کی لاشیں برآمد

 



لاہور کے علاقے ویلنشیا ٹاؤن میں ایک گھر سے ماں اور تین بچوں کی لاشیں ملی ہیں، جس کے بارے میں پولیس کو شبہ ہے کہ خاتون نے مبینہ طور پر بچوں کو زہر دینے کے بعد خودکشی کرلی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاشیں نجی سوسائٹی میں واقع گھر سے ملی ہیں۔ بچوں میں دو بچے اور ایک بچی کی لاش ملی ہے، فرانزک لیب کی ٹیمیں بھی جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ تینوں بچوں کو زہر دے کر قتل کیا گیا، ماں نے پہلے بچوں کو کھانے میں زہر ڈال کر کھلایا ہے اور بعد میں خود بھی زہر کھالیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونیوالوں کی شناخت 40 سالہ علینہ ، 16 سالہ ریحان، 11 سالہ ار شیہ اور 9 سال کا ارسل شامل ہیں۔ ویلینشیا ٹاؤن کاہنہ میں ماں اور3 بچوں کے جاں بحق ہونے کے افسوس ناک واقعے پر ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی جائے وقوع پر پہنچ گئے جبکہ پولیس اور فرانزک ٹیمیں جائے وقوع سے شواہد اکٹھی کرنے میں مصروف ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ ایس پی ماڈل ٹاؤن نے جائے وقوع کا معائنہ کیا اور ابتدائی معلومات کے مطابق بچوں کی ماں علینہ ڈوگر کی ہلاکت اسپتال پہنچ کر ہوئی اور بچوں کو زہر آلودہ چیز دی گئی ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن نے بتایا کہ جائے وقوع کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے، بچوں کے والد کو حراست میں لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے اور پوسٹ مارٹم کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل