Loading
کویت سٹی: کویت کے وزیراعظم شیخ احمد عبداللہ الاحمد الصباح نے ایرانی حملوں میں زخمی ہونے والے شہریوں کی عیادت کے لیے العدان اسپتال کا دورہ کیا اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
کویتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ وزیر صحت ڈاکٹر احمد العوضی بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے اسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے اور تمام ضروری طبی، تکنیکی اور انتظامی وسائل فوری طور پر فراہم کیے جائیں تاکہ متاثرہ افراد کو بہترین ممکنہ علاج میسر آ سکے۔
شیخ احمد عبداللہ الاحمد الصباح نے کہا کہ حکومت زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی مکمل بحالی تک ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
کویت کے سرکاری ذرائع کے مطابق ایرانی حملوں کے دوران متعدد شہری اور اہم تنصیبات متاثر ہوئیں، جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوئے تھے۔ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خلیجی خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث سکیورٹی صورتحال انتہائی حساس ہو چکی ہے، جبکہ متعدد ممالک اپنی دفاعی اور ہنگامی تیاریوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب کویتی حکام نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ زخمیوں کے علاج اور ضروری خدمات کی فراہمی کے لیے تمام سرکاری ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل