Loading
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا ہے کہ ٹیم سے الگ کی جانے والی سینیئر آل راؤنڈر عالیہ ریاض اور ارم جاوید سمیت 8 کھلاڑیوں کے لیے دروازے کھلے ہیں تاہم وہ بہترین کارکردگی اور عمدہ فٹنس کی بنیاد پر ہی دوبارہ جگہ بنا سکتی ہیں۔
دورہ سری لنکا پر روانگی سے قبل مختصر قومی تربیتی کیمپ کے اختتام کے موقع پر نیشنل بینک اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ویمن کپتان فاطمہ ثنا نے کہا کہ انگلینڈ میں منعقدہ عالمی ویمن ٹی ٹوئنٹی کپ میں کارکردگی مایوس کن ضرور رہی لیکن اب غلطیوں کو دوہرانے کے بجائے ان سے سیکھنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی مضبوط ٹیم کے خلاف اچھی کارکردگی کے لیے پر امید ہیں، ماضی کو بھول کر اب مستقبل کی طرف نگاہیں ہیں، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بہتر سے بہتر پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے، سری لنکا کا موسم پاکستان سے ملتا جلتا ہے، مقامی کنڈیشنز سے خود کو ہم آہنگ کرنے کی کوشش کریں گے۔
فاطمہ ثنا نے کہا کہ فیلڈنگ کو بہتر بنایا ہے، مختصر تربیتی کیمپ میں مینٹور اور ہیڈ کوچ وہاب ریاض کی زیر نگرانی بولنگ اور بیٹنگ میں بھی بہتری آئی ہے، فٹنس کو زیادہ بہتر بنانے کی کوشش کی گئی ہے، ذاتی طور پر دی ہنڈرڈ لیگ میں شرکت پر مسرور ہوں، لیگ میں کھیلنے کا تجربہ پاکستان ٹیم کے کام آئے گا، دیگر پاکستانی ویمن کرکٹرز بھی لیگ میں شریک ہوں تو بہت خوشی ہوگی۔
واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی اسکواڈز 15 ، 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوں گے، فاطمہ ثناء ون ڈے سیریز میں پاکستان ویمن ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گی، ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فاطمہ ثنا کی جگہ منیبہ علی قیادت کریں گی، فاطمہ ثناء ون ڈے سیریز کے اختتام کے بعد انگلینڈ میں دی ہنڈرڈ میں شرکت کریں گی۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں 8 تبدیلیاں کی گئی ہیں، ایمان نصیر، حمنہ بلال، ماہم انیس ، مومنہ ریاست، نجیہہ علوی، شوال ذوالفقار، ام ہانی اور وحیدہ اختر کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
تین ویمن کرکٹرز ایمان نصیر، ماہم انیس اور مومنہ ریاست نے ابھی تک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا، سری لنکا کے خلاف ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہیں، اسکواڈ میں شامل دو ویمن کرکٹرزماہم انیس اور سائرہ جبین نے ون ڈے ڈبیو نہیں کیا۔
پاکستان ون ڈے اسکواڈ میں کپتان فاطمہ ثناء، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، ماہم انیس، مومنہ ریاست، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، صدف شمس، سائرہ جبین، سدرا امین،سیدہ عروب شاہ ، تسمیہ رباب، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔
پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں کپتان منیبہ علی، عائشہ ظفر، ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، حمنہ بلال، ماہم انیس، مومنہ ریاست، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 23 جولائی سے 4 اگست تک کھیلی جائے گی، دریں اثنا دورہ سری لنکا کے لیے نیشنل بینک اسٹیڈیم کے حنیف محمد ریجنل کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ پر جاری پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کامختصر تربیتی کیمپ اتوار کو ختم ہوگیا۔
کیمپ میں ٹیم مینٹور اور کیمپ کمانڈنٹ وہاب ریاض کی زیر نگرانی کھلاڑیوں نے بھرپور مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا جن میں جسمانی ورزشوں کے سات فیلڈنگ، بولنگ اور بیٹنگ کی پریکٹس بھی شامل تھی، پاکستان ویمن ٹیم پیر کو اپنی منزل کی جانب روآنہ ہو جائے گی۔
پاکستان اور سری لنکا کی ویمن ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی، ون ڈے سیریزکے میچز آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کا حصہ ہیں جو ورلڈ کپ کوالیفیکیشن بھی ہے۔
سوریاویوا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر پہلا ون ڈے23 جولائی دوسرا ون ڈے 25 جولائی اورتیسرا ون ڈے 28 جولائی کو کھیلا جائے گا، ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 31 جولائی، دوسرا میچ 2 اگست اورتیسرا ٹی ٹوئنٹی 4 اگست کو کھیلا جائے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل