Tuesday, July 21, 2026
 

آزاد کشمیر کے انتخابی شیڈول میں تبدیلی متوقع، پولنگ مرحلہ وار کرانے کا امکان

 



آزاد کشمیر کے انتخابی شیڈول میں تبدیلی متوقع ہے اور پولنگ کا عمل مرحلہ وار کرانے کی تجویز زیر غور ہے۔ ذرائع کے مطابق 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں پولنگ کرائے جانے کا امکان ہے۔ 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن جبکہ 10  اگست کو پونچھ ڈویژن میں انتخابات کرائے جائیں گے۔ مرحلہ وار انتخابات سے سیکیورٹی، انتظامی امور اور انتخابی عمل کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی، مرحلہ وار انتخابی شیڈول اور نئے پولنگ پروگرام کا باضابطہ اعلان آج متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن مرحلہ وار انتخابات سے متعلق حتمی مشاورت مکمل کرنے میں مصروف ہے، انتخابی شیڈول میں تبدیلی کی صورت میں نظرثانی شدہ ضابطہ کار اور پولنگ پروگرام بھی جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب سابق صدر اور سابق وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کردیا۔  محمد یعقوب خان نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں امن و امان کی شدید اور خراب صورتحال، ناخوشگوار واقعات اور جانی و مالی نقصان کے پیش نظر 27 جولائی 2026 کو مقررہ عام انتخابات کا پرامن اور منصفانہ انعقاد انتہائی مشکل نظر آتا ہے۔ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عبوری آئین 1974 کے آرٹیکل 50(7) اور الیکشنز ایکٹ 2020 کے سیکشن 53 کے تحت الیکشن کمیشن کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ انتخابات کو شفاف اور محفوظ ماحول میں یقینی بنائے اور ہنگامی صورتحال میں الیکشن ملتوی کرنے کے اختیارات کا استعمال کرے۔ جمہوری انتخابات کا مقصد صرف کسی تاریخ پر عمل کرنا نہیں بلکہ عوام کو خوف کے بغیر آزادانہ اور پرامن ماحول میں ووٹ کا حق فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن آزاد کشمیر بھر میں امن و امان کی صورتحال کا فوری اور جامع جائزہ لے۔ سول انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے 27 جولائی کو پرامن انتخابات کروانے سے متعلق تفصیلی رپورٹس حاصل کی جائیں۔ زمینی حقائق کا جائزہ لینے کے لیے تمام بڑی سیاسی جماعتوں اور اہم اسٹیک ہولڈرز سے ہنگامی مشاورت کی جائے۔ 27 جولائی 2026 کے عام انتخابات کو مناسب اور معقول مدت کے لیے ملتوی کیا جائے تاوقتیکہ حالات اتنے بہتر ہو جائیں کہ انتخابات پرامن، آزادانہ اور شفاف انداز میں منعقد ہو سکیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل