Tuesday, July 21, 2026
 

شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ کا اختتامی مرحلہ، بیرونِ ملک آخری شوٹنگ اگست میں متوقع

 



بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی نئی ایکشن تھرلر فلم ’کنگ‘ کی تیاری آخری مراحل میں پہنچ گئی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق فلم کی زیادہ تر شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے جبکہ اب صرف ایک آخری بین الاقوامی شیڈول باقی رہ گیا ہے، جس کے بعد فلم بندی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلم کی پروڈکشن ٹیم اس وقت آخری بیرونِ ملک شوٹنگ کے مقامات پر غور کر رہی ہے، جو ممکنہ طور پر اگست میں شروع کی جائے گی۔ اگرچہ ابھی تک کسی مقام کو حتمی شکل نہیں دی گئی، تاہم اطلاعات ہیں کہ ٹیم امریکا اور جنوبی امریکا کے مختلف ممالک میں لوکیشنز تلاش کر رہی ہے۔ رپورٹ میں ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ فلم کے لیے صرف ایک غیر ملکی شیڈول باقی رہ گیا ہے۔ پروڈکشن ٹیم کا ایک حصہ امریکا میں موجود ہے، جہاں ممکنہ مقامات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ اس کے بعد ٹیم جنوبی امریکا کے چند ممالک کا دورہ کرے گی اور موزوں مقام منتخب کیا جائے گا۔ فلم کے اہم ایکشن سیکوئنس کے لیے منفرد مقام کی تلاش رپورٹ کے مطابق ’کنگ‘ کی بیشتر شوٹنگ مکمل ہو چکی ہے، جبکہ آخری شیڈول میں فلم کا ایک اہم سین عکس بند کیا جائے گا۔ فلم کے ہدایت کار سدھارتھ آنند اور شاہ رخ خان اس خاص منظر کے لیے ایسا مقام چاہتے ہیں جو پردۂ سیمیں پر پہلے زیادہ دکھائی نہ دیا گیا ہو۔ ذرائع کے مطابق شاہ رخ خان اور سدھارتھ آنند اس اہم سیکوئنس کے لیے ایک منفرد اور غیر روایتی پس منظر تلاش کر رہے ہیں تاکہ فلم کو ایک نیا انداز دیا جا سکے۔ شاہ رخ خان اور سہانا خان پہلی بار بڑے پردے پر ساتھ نظر آئیں گے فلم ’کنگ‘ کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اس کے ذریعے شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان پہلی بار تھیٹر ریلیز ہونے والی فلم میں اپنے والد کے ساتھ مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ فلم کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کر رہے ہیں، جبکہ یہ ایک بڑے پیمانے کی ایکشن تھرلر فلم قرار دی جا رہی ہے۔ فلم کو 24 دسمبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز کرنے کا شیڈول طے کیا گیا ہے۔ فلم کے آخری شوٹنگ شیڈول سے متعلق پروڈیوسرز کی جانب سے ابھی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، تاہم بیرونِ ملک ہونے والی یہ شوٹنگ ممکنہ طور پر فلم کی تیاری کا آخری مرحلہ ہوگی، جس کے بعد فلم پوسٹ پروڈکشن کے مرحلے میں داخل ہو جائے گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل