Tuesday, July 21, 2026
 

پشاور؛ پولیس کارروائی، ڈکیتی، راہزنی میں ملوث 5 ملزمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

 



پشاور میں منشیات، ڈکیتی اور راہزنی کے واقعات میں ملوث 5 ملزمان پولیس سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔ پشاور پولیس نے بتایا کہ سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کی ہدایات پر عوام کی جان و مال کے تحفظ، اسٹریٹ کرائمز کے خاتمے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مؤثر کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ گلبہار، تھانہ پھندو، تھانہ پہاڑی پورہ، تھانہ شاہ پور، تھانہ متھرا اور تھانہ ریگی کی حدود میں پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں 5 ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ بیان میں بتایا گیا کہ پولیس سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران خونی راہزنی، قتل، اقدام قتل، پولیس پر حملوں، اسنیچنگ، ڈکیتی اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب انتہائی خطرناک ملزمان یوسف، عثمان، احسان، صدیق اللہ عرف ملک اور نعیم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق اس دوران دو ملزمان محمد امین اور عبدالرحمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے، کارروائی کے دوران ملزمان کی شدید فائرنگ سے سرکاری پولیس موبائل پک اپ کو بھی گولیوں کی زد میں آ کر نقصان ہوا ہے تاہم پولیس اہلکار محفوظ رہے۔ مزید بتایا گیا کہ ریکارڈ چیک کرنے پر ہلاک ہونے والے ملزمان عادی جرائم پیشہ تھے اور خونی راہزنی، قتل، اقدام قتل، پولیس پر حملوں، شہریوں پر فائرنگ، اسنیچنگ، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات میں مختلف تھانوں کو مطلوب اور نامزد تھے۔ پولیس نے بتایا کہ واقعات میں فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ پشاور پولیس کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور شہر کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی اور قانون کی  عمل داری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو محفوظ، پرامن اور جرائم سے پاک ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل