Loading
بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی ایک حالیہ بلاگ پوسٹ نے ان کے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ اداکار نے اپنی تحریر میں اسپتال، سرجری، آئی سی یو میں قیام اور گھر واپسی کے بعد کے مشکل مراحل کا ذکر کیا، تاہم انہوں نے واضح طور پر یہ نہیں بتایا کہ آیا وہ اپنی حالیہ صحت کے بارے میں بات کر رہے ہیں یا عمومی تجربہ بیان کر رہے ہیں۔
امیتابھ بچن نے اپنی بلاگ پوسٹ میں لکھا کہ ’’اسپتال میں سرجری، پھر آئی سی یو میں ماہر ڈاکٹروں اور طبی عملے کی نگرانی، اس کے بعد ڈسچارج اور گھر واپسی...‘‘ لیکن ان کے مطابق اصل آزمائش اسپتال سے گھر آنے کے بعد شروع ہوتی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ گھر واپسی کا مرحلہ جسمانی، ذہنی اور عملی طور پر زندگی کا سب سے کٹھن وقت ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کے بقول ایک ایسا شخص جسے لوگ ہمیشہ فاتح اور مضبوط سمجھتے رہے ہوں، اچانک خود کو کمزوری اور شکست کے احساس کے سامنے کھڑا پاتا ہے، اور یہی زندگی کا سب سے مشکل لمحہ ہوتا ہے۔
اپنی تحریر میں امیتابھ بچن نے مشکلات کا سامنا کرنے کے مختلف انداز کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے لکھا کہ کچھ لوگ ہمت کے ساتھ آزمائشوں کا مقابلہ کرتے ہیں اور ہمیشہ فاتح رہتے ہیں، جبکہ کچھ ماضی کی کامیابیوں میں ہی زندگی گزارنے پر اکتفا کر لیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہر فرد کا ذاتی فیصلہ ہے اور دونوں صورتوں میں کسی پر تنقید نہیں کی جا سکتی۔ آخر میں انہوں نے اپنے مداحوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، "صحت مند رہیں، خوش رہیں۔"
اداکار کی اس مبہم تحریر کے بعد مداح ان کی صحت کے حوالے سے فکرمند ہو گئے ہیں، کیونکہ انہوں نے سرجری، آئی سی یو اور گھر واپسی جیسے الفاظ استعمال کیے، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا یہ ان کی اپنی حالیہ طبی کیفیت تھی یا کسی اور تناظر میں لکھی گئی تحریر۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بلاگ پوسٹ سے صرف ایک روز قبل امیتابھ بچن اپنی روایت کے مطابق اتوار کے روز ممبئی میں اپنی رہائش گاہ کے باہر مداحوں سے ملاقات کرتے نظر آئے تھے۔ انہوں نے اس ملاقات کی تصاویر بھی اپنے بلاگ پر شیئر کی تھیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل