Wednesday, July 22, 2026
 

آج اور کل خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ

 



محکمہ موسمیات خیبرپختونخوا نے آج سے جمعرات تک موسم کی بدلتی صورتحال کے حوالے سے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، تودے گرنے اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں زیرِ آب آنے کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی گرنے سے کمزور ڈھانچوں، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر بالائی و زیریں، سوات، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، کوہستان بالائی و زیریں، کولائی پالس، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، باجوڑ، مہمند، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، پشاور، خیبر، کوہاٹ، کرک، ہنگو، کرم اور اورکزئی میں اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض علاقوں میں تیز بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی اکثر مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ اس دوران کہیں کہیں موسلا دھار اور شدید موسلا دھار بارش، نیز بعض مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت چترال میں 28، ڈیرہ اسماعیل خان میں 35، پشاور میں 28، دیر میں 30، مالم جبہ میں 20 اور کالام میں 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 64، چراٹ میں 55، کالام میں 35 اور ڈیرہ اسماعیل خان و تخت بھائی میں 18 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل