Loading
تہران: ایران کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اردن اور بحرین میں واقع امریکی فوجی اڈوں کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائیاں امریکا کی حالیہ فوجی کارروائیوں کے جواب میں کی گئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی فوج کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اردن کے شہر ازرق میں واقع مووفق السلطي ایئر بیس پر صبح کے وقت ڈرون حملہ کیا گیا۔
ایرانی خبر رساں ادارے مہر نیوز کے مطابق ایرانی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس حملے میں امریکی فوج کی رہائشی اور فلاحی عمارتوں کے ساتھ ساتھ سازوسامان کے گوداموں کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بعد ازاں بحرین میں واقع شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر بھی آرش خودکش ڈرونز کے ذریعے حملہ کیا گیا۔
ایرانی فوج کے مطابق اس حملے میں امریکی فوج کے آلات رکھنے والے گوداموں اور طیاروں کی دیکھ بھال کے لیے استعمال ہونے والے ہینگرز کو نشانہ بنایا گیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایران نے ان حملوں کو امریکا کے خلاف اپنی جوابی کارروائیوں کا حصہ قرار دیا ہے۔
تاہم امریکا، بحرین یا اردن کی جانب سے ان حملوں یا ان کے ممکنہ نقصانات کی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی تھی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر ان دعوؤں کی تصدیق ہوتی ہے تو یہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی میں ایک اور اہم پیش رفت ہو سکتی ہے، جس کے اثرات پورے مشرقِ وسطیٰ کی سلامتی اور خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات پر پڑ سکتے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل