Loading
پیپلز پارٹی لاہور کا 25 جولائی کو مینار پاکستان پر گرینڈ جلسے کا انعقاد کھٹائی میں پڑگیا، پولیس اور پی ایچ اے نے ضلع انتظامیہ کو منفی رپورٹ جمع کرادی، پولیس نے جلسے کے لیے پہنچی کرسیاں، جنریٹر اور ڈیکوریشن سے لدے ٹرک گیٹ پر روک دیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پیپلز پارٹی نے کل 25 جولائی کو مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان کررکھا ہے جس میں صدر زرداری، بلاول اور آصفہ بھٹو کو شرکت کرنی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ آج پولیس نے جلسہ گاہ آئے سامان سے لدے ٹرک باہر ہی روک دیے، پولیس اور پی ایچ اے نے ضلعی انتظامیہ کو منفی رپورٹ جمع کرادی جس میں جلسے کی اجازت نہ دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مینار پاکستان فیملیز کا تفریحی مقام ہے یہاں مناسب نہیں، جلسے سیکیورٹی خدشات ہیں۔ اسی طرح
پی ایچ اے نے جلسے کے لیے زر ضمانت کے طور پر 60 لاکھ روپے مانگ لیے، جلسے کی اجازت کے لیے ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس تک نہیں بلایا، جلسے کی اجازت ڈی سی لاہور سے مشروط ہے۔ پی ایچ اے نے مینار پاکستان پارک متاثر ہونے کے پیش نظر جلسے کی اجازت نہ دینے کی تجویز دی ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما درخواست گزار فیصل میر نے کہا تھا کہ جلسے میں صدر زرداری، بلاول اور آصفہ بھٹو شرکت کریں گے، 25جولائی کو رات 8 سے صبح 4 بجے تک جلسے کی اجازت دی جائے، جلسے میں پی پی کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
دوسری جانب سامان روکے جانے پر مینار پاکستان کے باہر میڈیا سے بات چیت میں فیصل میر نے کہا کہ لاہور کی انتظامیہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی طرف سے اجازت کے باوجود پیپلز پارٹی کے جلسے کو روکنے کا کوشش کر رہی ہے، اس وقت جلسے میں لے جانے والی کر سیوں، لائٹس، ساؤنڈ سسٹم اور دیگر سامان کو مینار پاکستان کے گیٹ پر روک لیا گیا ہے، پیپلز پارٹی تمام رکاوٹوں کے باوجود مینار پاکستان پر ہی کنوینشن منعقد کرے گی۔
فیصل میر نے کہا کہ اس وقت پولیس جلسہ گاہ میں کام کرنے والے ورکرز کے شناختی کارڈ اور فون نمبرز لے کر انہیں کام کرنے سے روک رہی ہے، لاہور کی انتظامیہ اپنے آپ وزیراعلی مریم نواز سے سے طاقتور ہونے کا تاثر دے رہی ہے، کل مجھے وزیراعلی کے پرنسپل سیکریٹری صاحب نے خود کہا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی طرف سے آپ کو جلسے کی اجازت ہے، وزیراعلی پنجاب سے گزارش ہے کہ اپنے اختیارات استعمال کریں، وزیراعلی پنجاب فورا انتظامیہ کو ہدایت جاری کریں کہ پیپلز پارٹی کے کنوینشن میں رکاوٹیں کھڑی نہ کریں، پیپلز پارٹی کنونشن کرنے کے جمہوری حق سے کسی صورت میں دست بردار نہیں ہوگی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل