Friday, July 24, 2026
 

سعودی عرب کے یمن کی حدیدہ بندرگاہ اور کمران جزیرے پر حملے، حوثیوں سے منسلک  ٹی وی کا دعویٰ

 



غیر ملکی خبر ایجنسی نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ یمن کی حدیدہ بندرگاہ اور کمران جزیرے پر متعدد حملے کیے گئے۔ حوثیوں سے وابستہ ٹی وی چینل المسیرہ نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی جنگی طیاروں نے مغربی یمن کے ساحلی شہر حدیدہ پر فضائی حملے کیے جبکہ کمران جزیرے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ تاہم سعودی حکام کی جانب سے تاحال ان حملوں کی نہ تو تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی تردید، جبکہ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک روز قبل یمن کی حوثی جماعت انصار اللہ نے دو سعودی آئل ٹینکرز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ انصار اللہ کے مطابق ٹینکرز نے گروپ کی جانب سے عائد بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی تھی۔ دوسری جانب سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق بحیرہ احمر میں سفر کے دوران سعودی ملکیت کے ایک جہاز کو نشانہ بنایا گیا جس کے اگلے حصے میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم عملے کے تمام افراد محفوظ رہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل انصار اللہ نے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اقدام یمن پر عائد محاصرے اور صنعا ایئرپورٹ کی بندش کے جواب میں کیا گیا ہے۔ ترجمان انصار اللہ کا کہنا تھا کہ بندش کا جواب بندش سے دیا جائے گا۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل