Wednesday, July 29, 2026
 

شلخو سر میں دہشتگردوں کو عبرتناک شکست دینے والے پولیس جوانوں کا والہانہ استقبال

 



شلخو سر میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کے بعد واپس آنے والے پولیس فورس کے بہادر جوانوں کا پولیس لائن کبل میں شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سوات محمد عمر خان نے جوانوں کا استقبال کرتے ہوئے انہیں گلے لگایا اور ان کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر آر پی او ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ نے کہا کہ شلخو سر میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرنے والے پولیس اہلکار پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان جوانوں نے جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور علاقے کے امن کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔ ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے بھی پولیس جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں پولیس فورس نے جس عزم، دلیری اور قربانی کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سوات سمیت پورے خطے میں امن خراب کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا اور دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں اسی جذبے کے ساتھ جاری رہیں گی۔ استقبالی تقریب کے اختتام پر پولیس اہلکاروں نے کے پی کے پولیس زندہ باد، "ایلیٹ فورس زندہ باد اور سوات پولیس زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے جبکہ شرکاء نے جوانوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور حوصلہ افزائی کا اظہار کیا۔ ترجمان سوات پولیس کے مطابق دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہر محاذ پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل