Wednesday, July 29, 2026
 

عراق کا حکومت کا امریکا اور سعودی عرب کے حملوں کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان

 



عراق کی قومی سلامتی کونسل نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ امریکا اور سعودی عرب کی جانب سے گزشتہ روز کیے گئے حملوں کے حوالے سے قانونی کارروائی کی جائے۔ عراق کے وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق عراق کی قومی سلامتی کونسل نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ عراق کی سرزمین پر رات کے وقت کیے گئے امریکا اور سعودی عرب کے مشترکہ حملوں کے معاملے پر دونوں ممالک کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی سلامتی کونسل نے وزارت خارجہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق کارروائی کرے، صورت حال کو دستاویزی شکل دے اور عراق کے جائز حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔ بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں حکومت کی جانب سے پرزور انداز میں مؤقف اپنانے کا اعادہ کیا گیا کہ دشمنی پر مبنی تمام اقدامات، چاہے وہ کسی بھی فریق کی جانب سے کیے گئے ہوں یا ان کے لیے کوئی بھی جواز پیش کیا جائے، ناقابل قبول ہیں۔ عراق کی قومی سلامتی کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ ایسی جارحیت کا مقابلہ کرنا اور اس سے نمٹنا صرف عراقی حکومت اور آئینی ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کسی اور کی نہیں۔ خیال رہے کہ عراق سے سعودی عرب پر حملوں کے بعد امریکا اور سعودی عرب کی فورسز نے مشترکہ طور پر کارروائی کی، جس کے حوالے سے عراقی پاپولر موبلائزیشن فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ ان حملوں میں 20 اہلکار ہلاک اور 32 زخمی ہوگئے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ امریکی اور سعودی فورسز نے عراقی حکومت سے رابطے کے ساتھ مشترکہ کارروائی کی۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل