Thursday, July 30, 2026
 

نیویارک میں ’ٹیکس ورلڈ 2026ء نمائش کا انعقاد، پاکستان کی بھرپور شرکت

 



نیویارک کے معروف جیکب کے جاوِٹس کنونشن سینٹر (Jacob K. Javits Convention Center) میں عالمی ٹیکسٹائل نمائش ’ٹیکس ورلڈ این وائی سی 2026‘ (Texworld NYC 2026) کا آغاز ہوگیا۔ اس بین الاقوامی نمائش میں پاکستان نے اپنے قومی پویلین کے ذریعے ٹیکسٹائل، ملبوسات، ہوم ٹیکسٹائل، لیدر مصنوعات اور اسپورٹس ویئر سمیت اعلیٰ معیار کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات عالمی خریداروں اور کاروباری اداروں کے سامنے پیش کیں۔ پاکستان پویلین کا باقاعدہ افتتاح امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے  کیا۔ اس موقع پر نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر عدنان محمود اعوان بھی ان کے ساتھ تھے۔ نمائش میں پاکستان پویلین کا اہتمام ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) اور قونصل خانہ پاکستان نیویارک کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ونگ کے اشتراک سے کیا گیا ہے۔ پویلین میں 5 ممتاز پاکستانی کمپنیاں ہوم ٹیکسٹائل، تولیے، تیار ملبوسات، لیدر گارمنٹس، اسپورٹس ویئر، گلوز اور دیگر ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی نمائش کر رہی ہیں۔ افتتاح کے بعد سفیرِ پاکستان اور ان کے ساتھ وفد نے پاکستان پویلین کے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا، نمائش میں شریک پاکستانی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کی اور ان کی مصنوعات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پاکستانی برآمد کنندگان کے ساتھ امریکی منڈی میں کاروباری مواقع، مارکیٹ تک رسائی، برآمدات کے فروغ اور تجارتی تعاون کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان، واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانہ اور نیویارک میں قونصل خانہ پاکستانی برآمد کنندگان کو امریکی منڈی میں اپنی رسائی بڑھانے کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کرتے رہیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی روابط کو مزید وسعت دینے، ملکی برآمدات میں اضافے اور ’میڈ اِن پاکستان‘ (Made in Pakistan) برانڈ کو عالمی منڈیوں میں مزید مضبوط اور نمایاں مقام دلانے کے لیے مربوط کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ واضح رہے کہ ٹیکس ورلڈ این وائی سی بین الاقوامی ٹیکسٹائل اور اپیرل انڈسٹری کی نمایاں نمائشوں میں شمار ہوتی ہے، جس میں امریکا سمیت دنیا بھر سے خریدار، درآمد کنندگان، معروف برانڈز، سورسنگ پروفیشنلز اور صنعت سے وابستہ نمائندے شرکت کرتے ہیں۔ نمائش میں پاکستان کی بھرپور شرکت ملکی ٹیکسٹائل اور ویلیو ایڈڈ صنعت کی پیداواری صلاحیت، معیار اور برآمدی استعداد کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستانی کمپنیوں کو بین الاقوامی خریداروں کے ساتھ نئے کاروباری روابط استوار کرنے اور امریکی منڈی میں اپنی موجودگی مزید بڑھانے کا اہم موقع فراہم کر رہی ہے۔ 3 روزہ نمائش کے دوران پاکستانی کمپنیاں عالمی خریداروں، درآمد کنندگان اور صنعتی نمائندوں کے ساتھ بزنس ٹو بزنس (B2B) ملاقاتیں بھی کریں گی، جن کے ذریعے نئی تجارتی شراکت داریوں، کاروباری روابط اور ممکنہ برآمدی معاہدوں کی راہ ہموار ہونے کی توقع ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل