Friday, July 31, 2026
 

براڈ پیک میں برفانی تودہ گرنے کا واقعہ، 3 غیر ملکی کوہ پیماؤں کی لاشیں برآمد، مزید کی تلاش جاری

 



براڈ پیک میں مہم جوئی کے دوران برفانی تودہ گرنے کے واقعے میں اب تک تین غیر ملکی کوہ پیماؤں کی لاشیں برآمد ہوئیں جبکہ مزید کی تلاش جاری ہے۔ کمشنر بلتستان نے بتایا کہ براڈ پیک پربرفانی تودہ گرنے کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ اُن کے مطابق کوہ پیما ٹیم سے آخری رابطہ 30 جولائی کو صبح 9 بجے ہوا تھا۔ کمشنر کے مطابق  رات 8 بجے اطلاع ملی کہ کیمپ-ٹو سے تھری کی جانب پیش قدمی کے دوران 10 کوہ پیماؤں پر مشتمل ٹیم کو برفانی تودے کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹور آپریٹرز کی باضابطہ درخواست پر 31 جولائی کو صبح 8:30 بجے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، جس کے تحت  پاک فوج کی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے تین رکنی سول ریسکیوٹیم کوبراڈ پیک بیس کیمپ پہنچایا گیا۔  ریسکیو ٹیم کو بیس کیمپ سے کیمپ-ٹو کی جانب پیدل پیش قدمی کے دوران تین غیر ملکی کوہ پیماؤں کی لاشیں مل گئیں، جاں بحق ہونے والے کوہ پیماؤں میں عمان، امریکہ اور نیپال سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما شامل ہیں۔ کمشنر بلتستان کے مطابق برآمد ہونے والی میتوں کو پاک فوج کے ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سی ایم ایچ سکردو منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اُن کی  شناخت اور دیگر قانونی کارروائی جاری ہے۔ انتظامیہ نے خراب موسمی حالات کے باعث سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن عارضی طور پر معطل کر دتے ہوئے  موسم سازگار ہونے پر کل ریسکیو آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا جس میں دیگر کوہ پیما بھی  معاونت کریں گے۔ کمشنر نے بتایا کہ   ڈرون فوٹیج کے ذریعے مزید چند کوہ پیماؤں کی موجودگی کی بھی نشاندہی ہوئی ہے۔ اُن کے مطابق سخت موسمی حالات کے باوجود پاک فوج، مقامی کوہ پیماؤں اور ریسکیو ٹیموں کے باہمی تعاون سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا گیا۔ حکومتِ گلگت بلتستان نے جاں بحق کوہ پیماؤں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے میتیں متعلقہ ممالک منتقل کرنے کے عمل میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل