Friday, July 31, 2026
 

اقوام متحدہ کے سربراہ نے غزہ امن معاہدے میں پیشرفت کو بڑی خوشخبری قرار دے دیا

 



اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے حماس کے ہتھیار ڈالنے اور اسرائیل کے غزہ سے انخلا سے متعلق اعلان کردہ معاہدے کو حالیہ دنوں کی بڑی خوشخبری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ مزید جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ جمعہ کو شام، اردن اور قبرص کے اپنے حالیہ دوروں کے حوالے سے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ اقوام متحدہ نے کہا کہ خطے میں ہر محاذ پر جاری لڑائی فوری طور پر بند ہونی چاہیے۔ انہوں نے اسرائیل اور حماس دونوں پر زور دیا کہ وہ طے شدہ معاہدے پر مکمل عمل درآمد کریں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ معاہدے کے اہداف پر عمل درآمد کے لیے ایک واضح روڈ میپ کا اعلان کیا جا چکا ہے جس پر بغیر کسی شک، ہچکچاہٹ یا اسے سبوتاژ کرنے کی کوشش کے مکمل عمل کیا جانا چاہیے۔ ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی غزہ امن منصوبے کے تحت بورڈ آف پیس کی جانب سے تخفیفِ اسلحہ کے عمل پر ہونے والی پیش رفت کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  اس پیش رفت کے حصول میں ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ممالک امریکا، مصر، قطر اور ترکیہ خصوصی داد کے مستحق ہیں۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل