Saturday, August 01, 2026
 

برقع پہنے، کلہاڑیاں اٹھائے  ڈاکوؤں کی بینک لوٹنے کی کوشش، سائرن بجنے پر فرار

 



برقع پہن کر اور کلہاڑیاں لے کر بینک لوٹنے کے لیے آنے والے ڈاکو سائرن بجنے پر ناکام فرار ہو گئے۔ شہر قائد کے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ایک اور بینک ڈکیتی ہوتے ہوتے بچ گئی ، جہاں ملزمان مبینہ طور پر خواتین کے روپ میں برقع پہنے اور کلہاڑی لے کر داخل ہوئے اور گارڈ کو زخمی کرنے کے بعد سائرن بجنے پر فرار ہوگئے ۔ واردات کا مقدمہ بینک مینجر کی مدعیت میں بلال کالونی تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، جس پر پولیس نے واقعے کی تحقیقات  شروع کردی ہے۔ مقدمے  کے مطابق گزشتہ روز تقریباً پونے ایک بجے 2 افراد اور ایک لیڈیز برقع پہنے برانچ کے گیٹ پر آئے اور وہاں موجود گارڈ امتیاز علی کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اسلحہ چھین کر بینک میں گھس گئے۔ برقع میں موجود خاتون نے اپنے بیگ سے پستول اور کلہاڑی نکال کر گارڈ پر فائرنگ کردی جب کہ دوسرے ساتھی نے کلہاڑی سے کاؤنٹر کا شیشہ توڑا۔ اسی دوران آپریشن منیجر فرخ نے سائرن کا بٹن دبا دیا، جس کے بجتے ہی تینوں ڈاکو گھبرا گئے اور ادھر اُدھر بھاگنے لگے جب کہ بینک کا عملہ بھی خوفزدہ ہوکر اپنی میزوں کے نیچے بیٹھ گیا۔ اسی دوران دونوں افراد جو ہیلمٹ پہننے اور برقع پہنے خاتون بینک سے نکل کر موٹر سائیکلوں پر فرار ہوگئے۔ مدعی مقدمہ  کے مطابق میرا دعویٰ ہے کہ 2 نامعلوم ملزمان و ملزمہ جو لہجے سے مرد لگ رہا تھا،  بینک میں گھسے اور فائرنگ کرکے گارڈ کو زخمی کرکے فرار ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان گارڈ کو زخمی کرکے بینک سے کوئی رقم لوٹے بغیر فرار ہوئے۔ واقعے کا مقدمہ درج  کرکے تفتیش ایس آئی یو کو منتقل کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرکے ملزمان کا روٹ میپ بھی تیار کیا جارہا ہے اور واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل