Loading
صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام نئے صوبے نہیں چاہتے، نئے صوبوں کا قیام ینجاب کے عوام کا مطالبہ ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ پنجاب میں اسپتالوں کی تعمیر خوش آئند ہے، تاہم سندھ میں ہونے والے ترقیاتی کاموں سے لاعلمی کی بنیاد پر تنقید درست نہیں۔ پنجاب کے دو وزرا نے سندھ میں کام نہ ہونے کی بات کی، انہیں سندھ آکر یہاں کے منصوبے اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وزرا کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ سندھ آئیں اور یہاں ہونے والے کام دیکھیں۔
انہوں نے کہا کہ بچے بچے کو پتہ ہے الیکشن میں ن لیگ بری طرح ہاری ہے، نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کو دھاندلی کے ذریعے جتوایا گیا، جو لوگ خیرات کی سیٹوں پر بیٹھے ہیں وہ ہم پر تنقید کرتے ہیں، اگر ہمارے مینڈیٹ پر کوئی ڈاکا ڈالے گا تو ہم بولیں گے، ہم ان کے چہرے سے پارسائی کے پردے اتارتے رہیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی پورٹ کی صورتحال سے متعلق سوال وفاقی حکومت سے کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پورٹ کے معاملے پر بات کرنے والے دراصل اپنی حکومت کی کارکردگی پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔
سعید غنی نے صحت کے شعبے میں سندھ حکومت کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ این آئی سی وی ڈی، ایس آئی یو ٹی اور گمبٹ کے ادارے ملک بھر کے مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں مریض سندھ کے ان اداروں سے علاج کرا رہے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل