Loading
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں مصالحتی کمیشن بنانے کی تجویز پر کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے جواب دیتے ہوئے تجاویز دی ہیں۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر بلاول بھٹو نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ’مجھے (کالعدم) جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے مصالحتی کمیشن کی تجویز کے خط کا جواب موصول ہوگیا ہے۔
بلاول کے مطابق عوامی ایکشن کمیٹی نے جواب کے ساتھ کچھ تجاویز بھی ارسال کی ہیں۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہر قیمتی جان کا ضیاع ایک قومی سانحہ ہے، اس وقت میری اولین ترجیح یہ ہے کہ موجودہ بحران کے خاتمے میں مدد کی جائے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اسی کے ساتھ آزاد جموں و کشمیر میں جلد از جلد معمولاتِ زندگی بحال کروانا بھی میری ترجیح ہے۔ بلاول نے لکھا کہ ’میں اس بات کا خیرمقدم کرتا ہوں کہ انہوں نے مجوزہ کمیشن کو آگے بڑھنے کے ایک ممکنہ ادارہ جاتی راستے کے طور پر قبول کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ اس کمیشن کی توثیق اب آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی بھی کرچکی ہے جس کا میں بغور جائزہ لوں گا۔
انہوں نے کہا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے جواب موصول ہونے کے بعد اب میں آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سے بھی مشاورت کروں گا جس پر وہ وفاقی حکومت اور دیگر متعلقہ فریقین سے ابتدائی رائے حاصل کریں گے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کیا کسی متفقہ تجویز کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ بنیاد موجود ہے یا نہیں ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل